0
Thursday 25 Aug 2011 02:57

شیعہ علماء کونسل کا مرکزی آزادی القدس ریلی میں شمولیت کا اعلان

شیعہ علماء کونسل کا مرکزی آزادی القدس ریلی میں شمولیت کا اعلان
کراچی:اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان نے جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے نکالی جانے والی مرکزی آزادی القدس ریلی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر محمد منہال سے آئی ایس او کراچی کے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل مرکزی آزادی القدس ریلی میں شامل ہوگی اور ریگل چوک تا پریس کلب نکالی جانے والی ریلی کو منسوخ کرتے ہوئے نمائش چورنگی تا تبت سینٹر تک نکالی جانے والی مرکزی القدس ریلی میں شریک ہوگی۔ واضح رہے کہ مرکزی القدس ریلی کا آغاز نمائش چورنگی سے ہوتا ہے جو کہ آئی ایس او کے ذیلی ادارے تحریک آزادی القدس کے عنوان سے منعقد کی جاتی ہے۔ دوسری جانب آئی ایس او کراچی کے صدر محمد منہال نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے اتحادو وحدت کیلئے مرکزی ریلی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ دور میں ملت کا اتحاد انتہائی ضروری ہے اور شیعہ علما کونسل کا یہ فیصلہ خوش آئند ہے
دوران اجلاس دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کو مظبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے القدس کی آزادی کو مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس لئے آزادی القدس ریلی میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور تنظیموں کو دعوت دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ سر زمین پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس سر زمین نے اپنے دامن میں کوئٹہ کے مقام پر آزادی کی اس تحریک میں شہدا دئیے ہیں، جنہیں سید مقاومت حسن نصر اللہ نے شہدا بدر میں سے قرار دیا، آج ہم اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ شہدا کے خون سے وفا کرتے ہوئے آزادی القدس کی اس تحریک کو القدس کی آزادی اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی نابودی تک جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 94298
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش