0
Sunday 1 Aug 2021 12:18

وزیرستان، دہشت گردوں کے حملوں میں دو فوجی جوان شہید

وزیرستان، دہشت گردوں کے حملوں میں دو فوجی جوان شہید
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع جنوبی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ 9 زخمی ہوئے، یہ واقعات جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پیش آئے۔ ذرائع کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے ضلعی علاقے شوال میں سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ دو زخمی ہوئے۔ زخمی جوانوں کو میرامشاہ کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جب سکیورٹی فورسز کے اہلکار علاقے میں آپریشن کر رہے تھے اس وقت آئی ای ڈی کا ایک دھماکا ہوا لیکن آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکار محفوظ رہے۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز کے اہلکار جنوبی وزیرستان کے دو اضلاع میں حملوں کی زد میں آئے جس میں ایک اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق لدھا کے ذیلی علاقے اوسے پاس میں گاڑی کے قریب آئی ای ڈی پھٹنے سے 2 جوان زخمی ہوئے۔ اس دوران دہشت گردوں نے لدھا کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے وانا میں واقع جنوبی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر سے 30 کلومیٹر فاصلے پر تیارزہ میں قائم چیک پوسٹ پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر کثیر تعداد میں راکٹ پھینکے۔ ضلعی پولیس افسر شوکت علی نے تیارزہ میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ایک جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری جھڑپوں کے پیش نظر سرحد پر سکیورٹی فوسز کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 946223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش