0
Tuesday 6 Sep 2011 01:02

پاکستان کو بچانے کیلئے امام خمینی کی ضرورت ہے، ذوالفقار مرزا

پاکستان کو بچانے کیلئے امام خمینی کی ضرورت ہے، ذوالفقار مرزا
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ اگر صدر آصف علی زرداری بھی پاکستان توڑنے میں آلہ کار بن رہے ہیں تو انہیں بھی مستعفی ہوجانا چاہئے۔ متحدہ کے ایم این اے بابر غوری نے نیٹو کے اسلحے سے بھرے کنٹینر چوری کرائے، امریکا خود ایم کیو ایم کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے حکومت، عدلیہ اور پولیس کے کام پر اعتماد نہیں تھا، حکومت، عدلیہ اور پولیس کے نظام میں خامیاں تھیں، پاور کو ریڈور سمیت ہر جگہ بھرپور کرپشن ہے، پاکستان کیلئے امام خمینی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر غوری نے نیٹو کے اسلحے سے بھرے کنٹینرز چوری کرائے، پاکستان کو بچانے کیلئے بابر غوری سے تفتیش شروع کی جائے، ایم کیوایم کے ایم این ایز کے پاس جدید ہتھیار موجود ہیں، پورٹ سے نکلنے والے ہر ٹرک سے 5 ہزار روپے بھتہ لیا جاتا ہے، ایم کیو ایم روزانہ ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے پورٹ سے بھتا لیتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لیاری سے پہلے نائن زیرو پر آپریشن ہونا چاہیے، نائن زیرو سے دہشت گردوں کو کیوں نہیں نکالا جاتا، لیاری امن کمیٹی معصوم لوگوں پر مشتمل ہے، لیاری امن کمیٹی اپنے دفاع کیلئے لڑرہی ہے، جب بھی لیاری میں کارروائی ہوئی، لائسنس والے ہتھیار کیساتھ وہاں ہونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا خود ایم کیو ایم کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے رحمن ملک پر ایک بار پھر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ ایک غدار شخص ملک کا وزیر داخلہ ہے، رحمن ملک کو وزیرداخلہ بنانا آصف زرداری کی غلطی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو فون کیا اور ان کو اپنے استعفا دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا، ڈیڑھ گھنٹے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے مجھ سے رابطہ کیا، وہ بہت سست آدمی ہیں۔ ان کے بعد انہوں نے خورشید شاہ سے رابطہ کیا کیونکہ وہ ملک کے قابل ترین پارلیمنٹیرین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خورشید شاہ نے بھی نیند میں مجھ سے بات کی اور کہا کہ اتنی جلدی نہ کرو، خورشید شاہ نے اس وقت سمجھا کہ میں سنجیدہ نہیں ہوں کیونکہ ساری زندگی مجھے غیر سنجیدگی سے لیا گیا، خورشید شاہ نے وزیراعظم کو تمام حالات سے آگاہ کیا، میرا مطالبہ صرف رحمان ملک کی چھٹی تھا، خورشید شاہ نے مجھے کہاکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ابھی رک جاوں میں نے ان سے کہاکہ میں اب نہیں رک سکتا۔
ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوستی، غیرت اور سچائی کا فرض ادا کر دیا۔ ایم کیو ایم سے حکومت کی جانب مذاکرات پر انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم سے معاہدہ ملک کا سودا کرنے کے مترادف ہے، اگر قوم چاہتی ہے کہ پاکستان ٹوٹ جائے تو قوم کا فیصلہ، میرے پاس سندھ اسمبلی سب سے بڑا فورم تھا جہاں میں بولتا رہا، میں ہر جگہ بولتا رہا اور وہ رپورٹ ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بدن پر کپڑے بھی آصف زرداری کے دیے ہوئے ہیں، وہ دوستوں کے دوست ہیں۔
خبر کا کوڈ : 96727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش