0
Wednesday 8 Dec 2021 20:06

پیپلز پارٹی لسانی تعصب سے بالاتر ہوکر ترقیاتی کام کروا رہی ہے، مرتضیٰ وہاب

پیپلز پارٹی لسانی تعصب سے بالاتر ہوکر ترقیاتی کام کروا رہی ہے، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مسئلہ اختیارات کا نہیں نیت کا ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور بلاول بھٹو کے وژن کے تحت عوام سے کئے گئے وعدہ پورے کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیل چورنگی، ٹیپو سلطان فلائی اوور اور ملحقہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جیل چورنگی کی تزئین و آرائش، ٹیپو سلطان پل اور ابراہیم رحیم تولا روڈ کی کارپیٹنگ کا کام جاری ہے جس سے ان سڑکوں کی صورتحال میں بہتری آئے گی کیونکہ یہ سڑکیں ایک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں اور شہریوں کو تکالیف کا سامنا تھا، ماضی میں ان سڑکوں پر توجہ نہیں دی گئی لیکن اب بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس سڑکوں پر توجہ دی ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں ان سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا وعدہ تھا کہ کراچی میں ہر جگہ، ہر مقام پر ترقیاتی کام کئے جائیں گے وہ ہم پورا کر رہے ہیں، آج آپ کو کام ہوتے ہوئے پورے کراچی میں نظر آرہے ہیں۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں نے ان کے علاقوں کے مسائل کے حل پر ان سے ملاقات کرکے اظہار تشکر کیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم بلاامتیاز و تفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور کراچی کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لسانی تعصب سے بالاتر ہوکر ترقیاتی کام کروا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 967523
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش