0
Friday 29 Mar 2024 21:42

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ چین نے کہا ہے کہ پاکستان سکیورٹی بڑھائے اور سکیورٹی رسک کو مکمل ختم کرے، چین نے خیبر پختونخوا میں چائنیز انجیئنروں پر ہوئے خودکش حملے کے بعد پاکستان سے ٹھوس اقدامات اور سکیورٹی بڑھانے سمیت سکیورٹی رسک کو مکمل ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ لی جیان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ 28 مارچ کو چینی انٹر ایجنسی ورکنگ گروپ پاکستان بھیجا، جس نے فوری طور پر پاکستان میں سفارتخانے اور متعلقہ کمپنی کے ساتھ ایمرجنسی ریسپانس پر کام شروع کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ورکنگ گروپ کے سربراہ بائی تیان نے پاکستانی وزیر خارجہ، سیکرٹری خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور پاکستانی فریق سے بشام حملے کی فوری اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

2۔ جنوبی افریقا میں ایسٹر تقریب میں جانے والی بس پل سے الٹ گئی، 45 مسافر ہلاک ہوگئے، ایسٹر کی تقریب شرکت کے لیے زائرین بوٹسوانا سے لمپوپو کے ایک قصبے موریا کے ایک مذہبی مقام پر جا رہے تھے اور مماتلا کالا میں حادثے کا شکار ہوگئے۔ جنوبی افریقا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مسافر بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور بیریئرز توڑتے ہوئے پل سے نیچے جا گری۔ عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ زمین گرتے ہی بس میں آگ بھڑک اٹھی اور زخموں سے چور مسافروں کو بس سے نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ 45 مسافر جل کر ہلاک ہوگئے۔

3۔ امریکی صدر کی انتخابی مہم کے دوران زبردست احتجاج، بائیڈن کے خلاف شدید نعرے لگ گئے، امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے شہر رالی میں امریکی صدر جو بائیڈن کو فلسطینی حامیوں کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جہاں فلسطین کے حامی مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت کے لئے امریکی حمایت پر احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے لگائے اور انھیں صیہونی جرائم میں شریک قرار دیا۔ گذشتہ سال سات اکتوبر سے جب سے غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے حملے شروع کئے ہیں، امریکہ کی مختلف ریاستوں کے متعدد شہروں میں جو بائیڈن کے خلاف شدید نعرے لگتے رہے ہیں۔

4۔ حلب پر اسرائیلی فضائی حملوں میں حزب اللہ کے 5 ارکان سمیت 38 افراد شہید ہوگئے، غاصب اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ ساتھ شام پر بھی بمباری کرنا شروع کر رکھی ہے۔ شام کے شہر حلب پر قابض اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں حزب اللہ کے 5 ارکان سمیت 38 افراد شہید ہوگئے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شام کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ حلب پر قابض اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے دوران متعدد شہری اور فوجی اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، اسرائیلی حملوں کے بعد دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئی۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شام میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

5۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ رفح میں داخل ہونیکی تیاری کر رہے ہیں، اپنے کسی قیدی کو وہاں نہیں چھوڑیں گے، ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق قیدیوں کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ صرف فوجی دباو ہی زیرحراست افراد کی رہائی کی ضمانت دے گا، حماس پر مسلسل فوجی دباو ڈال رہے ہیں اور اسے جاری رکھیں گے، یہی دباو قیدیوں کی واپسی کی ضمانت ہے، اسرائیل رفح میں داخل ہونے کی تیاری کر رہا ہے اور وہ اپنے کسی شہری کو وہاں نہیں چھوڑے گا۔ واضح رہے کہ امریکا اور عالمی برادری کی تنقید اور حملے سے باز رہنے کی تنبیہ کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم رفح پر حملے کی منصوبہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

6۔ افغانستان میں امیرِ طالبان کا خواتین کو سرعام سنگسار اور کوڑے مارنے کا اعلان، امیرِ طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی زنا کی مرتکب خواتین کو کوڑے مارنے اور سنگسار کرنے کی سزا سرعام دینے کا آغاز کیا جائے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے ٹیلی گراف کے مطابق امیرِ طالبان نے یہ اعلان سرکاری ٹیلی وژن پر جاری اپنے صوتی پیغام میں کیا۔ جس کے بعد افغانستان میں طالبان کے پہلے دور کی طرح دوبارہ سے خواتین کو ان سزاوں کا سامنا ہوگا۔ خیال رہے کہ اگست 2021ء میں افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے طالبان نے خواتین اور لڑکیوں کو سیکنڈری اسکولوں، پارکوں، جم خانوں، جامعات اور ملازمتوں پر جانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

7۔ امریکہ نے کہا ہے کہ طالبان دہشت گردی سے متعلق دنیا سے کئے وعدے پورے کریں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ افغانستان ایک بار پھر دہشت گرد گروپوں کے لیے ایک اہم مقام بن گیا ہے، تو انہوں نے کہا کہ امریکا نے طالبان کو واضح طور پر بتایا ہے کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ دہشت گردوں، خواہ وہ القاعدہ ہو یا داعش یا کوئی اور دہشت گرد تنظیم، کو کوئی محفوظ پناہ گاہ فراہم نہ کریں۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے کی خوشی میں کراچی میں مٹھائیاں تقسیم، شاندار آتشبازی کا مظاہرہ
خبر کا کوڈ : 1125702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش