1
Wednesday 5 May 2021 23:26
حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے

یوم القدس کی مناسبت سے فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنماؤں کی ملتان میں پریس کانفرنس

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: سید محمد ثقلین

مسئلہ فلسطین پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، ہم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھیں گے، رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں گے، حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاونڈیشن پاکستان ملتان چیپٹر کے اراکین بشمول مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، جماعت اسلامی کے رہنماء شیخ اسرار حسین، خواجہ عاشق حسین سعیدی، پروفیسر عبد الماجد وٹو، تحریک منہاج القرآن کے زمان خان اعوان، علامہ قاضی نادر حسین علوی، آئی ایس او ملتان کے ڈویڑنل صدر ثقلین ظفر، سلیم عباس صدیقی اور فلسطین فانڈیشن ملتان کے ترجمان محمد ثقلین نے اتوار کے روز پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ عالم انسانیت کے سب سے بڑے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے غفلت برتی جا رہی ہے۔ مسئلہ فلسطین تاریخ کے سنگین دور سے گزر رہا ہے۔ دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے باعث جہاں کئی ایک اور مسائل نے جنم لیا ہے، وہاں مسئلہ فلسطین کو بھی پس پشٹ ڈال دینے کی ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے۔ آج پہلے کی نسبت آج فلسطین کاز کے خلاف اندرونی بیرونی دشمن سرگرم ہوچکے ہیں۔

امریکہ، اسرائیل، ہندوستان اور ان کے دوست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں، کشمیر میں مظلوم عوام انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام بانیان پاکستان کے نظریہ اور اصولوں پر کاربند ہیں اور اسرائیل جیسی جعلی ریاست کو تسلیم تو دور دوستانہ تعلقات کو بھی مسترد کرچکے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کا اس عنوان سے موقف یقیناً لائق تحسین ہے لیکن اس معاملہ پر مزید استقامت اور استحکام کی ضرورت ابھی بھی باقی ہے۔ بہرحال ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی عرب یا دیگر حکمرانوں کی اسرائیل دوستانہ پالیسی کا پاکستان کی خارجہ پالیسی پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیئے، پاکستان ایک خودمختار اور ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے، لہذا پاکستان کی پالیسی وہی ہوگی، جو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی ہے۔ ہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والوں کو مسلم امہ کا خائن سمجھتے ہیں۔ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنا درحقیقت مسلم امہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی امریکی و صہیونی سازش ہے۔ مسئلہ فلسطین کا حل مسلم امہ کے اتحاد ہی سے ممکن ہے، تاہم جو ممالک اور حکمران اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرچکے ہیں، ہم ان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل سے فی الفور تعلقات منقطع کریں اور مسلم امہ کے جذبات کو مجروح ہونے سے بچالیں۔

ہم حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں فلسطین کاز اور کشمیر کاز کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے عناصر کی بیخ کنی کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ مقررین نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں اور پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات میں شریک ہو کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کو بھی چاہیئے کہ یوم القدس کے موقع پر سرکاری سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے تحت فلسطین و کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھی جائے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
خبر کا کوڈ : 930981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش