0
Wednesday 13 Oct 2021 20:11

مقبوضہ کشمیر میں اتحاد اہلسنت کانفرنس کا انعقاد (ویڈیو رپورٹ)

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: جاوید عباس رضوی

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ (اسلام آباد) میں نوجوانان اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام ایک روزہ کانفرنس بعنوان "اتحاد اہلسنت والجماعت کانفرنس" منعقد ہوئی، جس میں سو سے زیادہ علماء کرام، مشائخ و نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں حضرت علی (ع) کے ولایت کُل ہونے کی وضاحت کی گئی اور ساتھ ہی ساتھ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تصنیف السیف الجلی علی منکر ولایت علیؑ (اعلان غدیر) پر وارد ہونے والے اشکالات کا ازالہ کیا گیا۔ مقررین نے یک زبان ہوکر کہا کہ اہل بیت رسول (ص) اور غدیر کا اعلان ہمارا ایمان ہے، جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم کشمیر کے اہلسنت والجماعت ایسے عناصر کا منہ توڑ جواب دیں گے، جو ہماری صفوں میں مقدسات اسلامی کے حوالے سے شک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یک روزہ کانفرنس میں مذہبی اسکالرز اور علماء کرام نے بعض مذہبی امور پر تقسیم کی حکمت عملی اور عوام کو گمراہ کرنے کے خلاف متحد ہوکر لڑنے کا عزم کیا۔

علماء کرام نے بلاامتیاز ان کوششوں کے خلاف لڑنے کا اعلان کیا، جن کا مقصد عوام میں بڑھتے ہوئے اتحاد اور ہم آہنگی کو بگاڑنا ہے۔ انہوں نے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی سرپرستی سے لطف اندوز ہونے والی کچھ قوتیں عوام کے درمیان پھوٹ ڈالنے اور ایک دوسرے کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ علماء کرام نے وحدت امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے دشمن کے خلاف صف آراء ہونا چاہیئے، داخلی مسائل کو مل بیٹھ کر حکمت علمی کے ساتھ حل کرنا چاہیئے، علماء کرام کو ان مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیئے اور عام لوگوں کو ان میں الجھنا نہیں چاہیئے۔ کانفرنس میں شریک مقررین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلمانوں کو بہت اہم مسائل درپیش ہیں، لیکن ہم ایک دوسرے کی مخالفت میں الجھے ہوئے ہیں۔

مولانا اویس قادری نے کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مصروف ترین دور میں علماء کرام کی یہ تعداد یہاں جمع کرانا ایک اہم پیشرفت ہے، علماء کرام نے اس کانفرنس میں شرکت کرکے ہماری حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر علماء کرام کا تعاون ایسے ہی جاری رہا تو آئندہ بھی ایسی کانفرنسز منعقد ہوتی رہیں گی اور شرپسند عناصر کا راستہ روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس دوران اسلام ٹائمز سے بات کرتے ہوئے مولانا میر محی الدین نقیب کا کہنا تھا کہ کشمیر کے علماء حق کسی بھی باطل نظریہ کا جواب دینا جانتے ہیں۔ کانفرنس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس اس مقصد کے لئے منعقد کی گئی تھی کہ ایک واضح پیغام دیا جائے کہ ہم سب ناپاک ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈٖے کے خلاف متحد ہیں اور ہم مذہبی اتحاد اور اجتماعی اتفاق پر کسی قسم کا حملہ برداشت نہیں کریں گے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 958256
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش