0
Saturday 6 Nov 2021 01:09

کوئٹہ، ہزارہ ٹاؤن میں معاشرتی برائیوں کیخلاف احتجاجی ریلی

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں گیمنگ زونز، منشیات کی روک تھام اور دیگر بڑھتی ہوئی معاشرتی برائیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد معاشرے میں بڑھنے والی برائیوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور انکی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔ احتجاجی ریلی میں ہزارہ ٹاؤن کے نوجوانوں، مردوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کیں اور منشیات فروشوں، گیمنگ زونز، بدحجابی، بے راہ روی اور دیگر معاشرتی برائیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی میں امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر انجینئر حاجی محمد جواد رفیعی، عالم دین علامہ عارف حیدر اور دیگر عمائدین بھی شریک تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے مختلف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ جن پر مذکورہ برائیوں کے خلاف نعرے اور دیگر کلمات درج تھے۔ خواتین نے بھی حجاب کے حق میں پلے کارڈز اٹھائے اور حجاب کو عورت کی زینت قرار دیا۔

امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو برائیوں سے روکنا امر بالمعروف کا حصہ ہے، جو ہم سب پر واجب ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دوسروں کو برائیوں کی طرف جانے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ زیب نہیں دیتا کہ ہمارے معاشرے کا ایک بھی فرد کسی اخلاقی برائی میں مبتلا ہو۔ انہوں نے اس موقع پر حجاب کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی محمد جواد رفیعی نے احتجاجی ریلی کی ضرورت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں نوجوانوں کا رجحان منشیات اور گیمنگ زونز کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی آگاہی کیلئے بھی ایسی ریلیاں ضروری ہیں، تاکہ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھ سکیں اور ان کے بچے بری صحبت سے محفوظ رہ سکیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 962227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش