0
Tuesday 16 Apr 2024 10:04
جامعہ کشمیر

کنگ عبداللہ کیمپس کو تعلیمی سازو سامان سے لیس کرنے کے دوسرے مرحلے کا آغاز

کنگ عبداللہ کیمپس کو تعلیمی سازو سامان سے لیس کرنے کے دوسرے مرحلے کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں قائم مختلف تدریسی شعبہ جات کو سعودی فنڈ برائے ترقی کے تعاون سے جدید ترین تعلیمی سازو سامان سے لیس کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا آغاز ہو گیا ہے۔ جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق برادر اسلامی ملک نے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز کیمپس کے لیے چار ارب چالیس کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم سے جدید ترین ایجوکیشنل ایکویپمنٹس کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جو رواں سال اگست تک جاری رہے گا۔ اس تعلیمی سازو سامان میں سائنس لیبارٹریز، انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز، آرٹ اینڈ ڈیزائن کے لیے ٹیکسٹائل سے متعلقہ مشینیں اور دیگر سامان،بائیوٹیکنالوجی، بیالوجی، کیمسٹری، کمپیوٹرسائنسز اینڈ آئی ٹی، الیکٹریکل انجینئرنگ، انگلش ڈیپارٹمنٹ، جنرل آفس ایکویپمنٹس، جیالوجی، ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز، ہائی ٹیک ایکویپمنٹس، فزکس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، ویڈیو کانفرنسنگ اور زوالوجی کے شعبہ جات کے لیے جدید ترین ایکویپمنٹس شامل ہیں۔

2005ء کے تباہ کن زلزلے کے بعد چھتر کلاس کے مقام پر سعودی عرب کے تعاون سے سات ارب سے زائد کی خطیر لاگت سے تعمیر کیے جانے والے عظیم الشان کیمپس میں معیاری تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مختلف تعلیمی شعبہ جات میں قائم سائنس اور کمپیوٹر لیبز کو کیمپس کے شایان شان بنانے کے عزم کے تحت سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ذمہ داران سے طویل ملاقاتیں کیں اور تعلیمی سازو سامان کی فراہمی کے لیے باقاعدہ تحریک کی تھی جسے سعودی حکومت نے فراخدلی کے ساتھ قبول کیا۔ جس کے نتیجے میں 28 جولائی 2022ء کو تعلیمی میدان میں جاری اس تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآبادکے درمیان کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ایک تاریخی معائدے پر دستخط ہوئے جس کے تحت برادر اسلامی ملک نے کنگ عبداللہ کیمپس کے لیے چار ارب چالیس کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم سے جدید ترین تعلیمی سازو سامان مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے جامعہ کشمیر کے مختلف شعبہ جات کی لیبارٹریز کو فراہم کیے جانے والے ان جدید ترین ایکویپمنٹس سے نہ صرف اس وقت موجود کیمپس دس ہزار سے زائد طلبہ و طالبات اور تین سو فیکلٹی ممبران مستفید ہوں گے بلکہ آنے والی نسلوں کے لاکھوں طلبہ و طالبات بھی اس سے استفادہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سات ارب سے زائد کی خطیر لاگت سے کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر اور اب چار ارب چالیس کروڑ روپے سے زائد مالیت کے تعلیمی سازو سامان کی فراہمی سے ملک کے اس خوبصورت ترین کیمپس کو جدید تعلیمی سہولتوں سے آراستہ کرنا سعودی حکومت کا ایک ایسا کارنامہ ہے جسے آزاد کشمیر کے عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1128970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش