0
Tuesday 16 Apr 2024 22:31

کراچی والے آٹا سستا ہونے کے باوجود سستی روٹی سے محروم

کراچی والے آٹا سستا ہونے کے باوجود سستی روٹی سے محروم
اسلام ٹائمز۔ آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود کراچی میں تندور کی روٹی، نان اور ڈبل روٹی کی قیمت کم نہ ہو سکی، شہر میں تندور کی روٹی بدستور 25 روپے اور چپاتی 15 روپے کی فروخت ہو رہی ہے۔ ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق ایک ماہ کے دوران آٹے کی قیمت میں 19 روپے اور بلند ترین سطح سے 40 روپے فی کلو تک کمی ہو چکی ہے، اس لحاظ سے کراچی میں روٹی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 15 روپے ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے اب تک ہول سیل میں آٹے کی قیمت 122 روپے سے گر کر 104 روپے فی کلو گرام پر آ چکی ہے، آٹے کے سرکاری ریٹ زیادہ ہیں، جبکہ مارکیٹ میں آٹا سستا فروخت ہو رہا ہے۔ عبدالراؤف ابراہیم  کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ از سر نو جائزہ لے کر آٹے کے فوری نئے سرکاری ریٹ جاری کرے اور پھر اسی مناسبت سے  روٹی اور ڈبل روٹی کے  نرخ کم کرائے جائیں۔

ادھر تندور مالکان کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت کم ہونے کے ساتھ گیس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، کراچی میں گیس کے بحران کی وجہ سے 70 سے 80 فیصد تندور سلنڈر کی گیس پر چل رہے ہیں، جس کی وجہ سے اضافی لاگت کا سامنا ہے۔ آٹے کی قیمت میں اضافے کو جواز بنا کر بیکری کی مصنوعات ڈبل روٹی، بن اور پاپے مہنگے کرنے والوں نے بھی قیمت کم نہیں کی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی کی قیمت میں آٹے کی قیمت کے مطابق کمی لائی جائے اور ڈبل روٹی اور پاپے کے نرخ بھی کم کرائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 1129109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش