7
0
Saturday 15 Sep 2012 11:43

ذات اور شناخت کا قتل

ذات اور شناخت کا قتل
تحریر: نذر حافی
nazarhaffi@yahoo.com 

یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ ذات کے اعتبار سے انسان پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور شناخت کے اعتبار سے اپنے نظریات و عقائد کے باعث ایک دوسرے سے منفرد اور ممتاز ہیں۔ انسانی معاشرے میں اسی وقت امن و امان قائم رہ سکتا ہے جب تمام انسانی گروہ فراخ دلی کے ساتھ اپنی انفرادیت اور شناخت کے ساتھ ساتھ دوسروں کی ذات اور شناخت کو بھی تسلیم کریں۔ کسی ذات کا قتل حقِ زندگی چھین کر اور شناخت کا قتل نام و نشان چھین کر کیا جاتا ہے۔
 
دنیا کے جس خطّے میں بھی کسی گروہ نے جب اپنے تسلط اور دھونس کی خاطر لوگوں کی ذات اور شناخت کے قتل کا سلسلہ شروع کیا تو اسے جلد یا بدیر منہ کی کھانی پڑی۔ مثال کے طور پر تاجِ برطانیہ کو ہی لے لیجئے، اگر تاجِ برطانیہ ہندوستانیوں کی ذات اور شناخت کو نہ کچلتا تو برطانیہ کو اس ذلت و رسوائی کے ساتھ برصغیر سے نہ نکلنا پڑتا، جس کے ساتھ وہ نکلا ہے۔ 

یہ اس دور کی بات ہے جب برطانوی سامراج اپنے عروج پر تھا، وہ اپنے سوا کسی کی ذات و شناخت کے احترام کا قائل نہیں تھا۔ چنانچہ فوجی چھاونیوں سے لے کر کچّی بستیوں تک ہر طرف ہندوستانیوں کی ذات و شناخت کا قتل عام ہو رہا تھا، اگر ایک طرف جنرل ڈائر جیسے لوگ ہندوستانیوں کے کشتوں کے پشتے لگا رہے تھے تو دوسری طرف کارتوسوں پر گائے اور سور کی چربی چڑھا کر ہندوستانیوں کی دینی شناخت کو ختم کیا جا رہا تھا۔ آج وقت کا قاضی تاجِ برطانیہ سے یہ سوال کر رہا ہے کہ بتاو آخری فتح کس کی ہوئی۔۔۔۔؟ کیا ہندوستانیوں کی ذات اور شناخت مٹ گئی۔
 
برصغیر میں جب تاجِ برطانیہ کمزور پڑگیا تو اسے ہندووں کی مدد کی ضرورت پڑی، چنانچہ برّصغیر میں مسلمانوں کی افرادی قوت کو توڑنے کے لئے ایک طرف تو ہندو مسلم فسادات شروع کرائے گئے اور دوسری طرف "عظیم ہندوستان" اور انسانیّت سب سے بڑا مذہب ہے" کے نعرے لگا کر نیز ہندو مسلم بھائی بھائی جیسی سازشیں کرکے مسلمانوں کی ذات اور شناخت کو قتل کرنے کا بازار گرم کیا گیا، لیکن آج قیام ِ پاکستان کے 65 سال گزرنے کے بعد تحریکِ پاکستان کے شہیدوں کا لہو "عظیم ہندوستان" کے دعوے داروں سے پوچھتا ہے کہ بتاو آخری فتح کس کی ہوئی۔۔۔؟ کیا مسلمانوں کی ذات اور شناخت مٹ گئی؟
 
پاکستان بننے کے بعد جب اس مقدس سرزمین پر تسلط اور دھونس کی بساط بچھائی گئی تو بنگالیوں کی چیخیں بلند ہوگئیں، ایک طرف تو انہیں بنیادی حقوق سے بھی محروم کیا گیا، انہیں غدّار اور ملک دشمن کہا گیا، ان پر شب خون مارا گیا اور دوسری طرف "اللہ ہی اللہ اور اسلام ہی اسلام کے نعرے لگائے گئے، چنانچہ قیامِ پاکستان کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دینے والے بنگالی اپنی ذات اور شناخت کی بقاء کے لئے ہمیشہ کے لئے ہم سے الگ ہوگئے۔ آج تاریخ کا مورّخ تسلط اور دھونس جمانے والوں سے پوچھتا ہے بتاو آخری فتح کس کی ہوئی۔۔۔؟ کیا بنگالیوں کی ذات اور شناخت مٹ گئی۔؟ 

آج باقیماندہ پاکستان میں لمبے عرصے سے برملا طور پر اہلِ تشیع کی ذات اور شناخت کا قتلِ عام جاری ہے۔ اہل تشیع کی انفرادیت کو کچلنے کے لئے ایک طرف تو اعلٰی سرکاری عہدوں پر فائز شیعہ حضرات کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے، شیعہ قبائل کے خلاف مختلف قبائل کو متحد کروا کر لشکرکشی کرانا، ملکی سیاست کا حصہ بن چکی ہے، شیعہ ادباء، وکلا، علماء، تاجر اور صحافی حضرات دہشت گردوں کی زد پر ہیں۔ شیعہ مساجد غیر محفوظ، امام بارگاہیں ٹارگٹ پر اور عام شیعہ ہر وقت خطرے میں ہے، حتّیٰ کہ عام شیعہ اب پاکستان میں سفر بھی نہیں کرسکتا۔
 
شیعہ افراد کو گاڑیوں سے اتار کر تہہ تیغ کر دیا جاتا ہے، جبکہ دوسری طرف شیعہ شناخت کو مسخ کرنے کے لئے "شیعہ کافر" کے نعرے لگائے جاتے ہیں، میڈیا میں کبھی طالبان کو حضرت امام حسین (ع) کا اصلی وارث قرار دیا جاتا ہے اور کبھی یزید کو خلیفۃ الرسول اور امام حسین (ع) کو باغی کہا جاتا ہے، کبھی صحیفہ کاملہ کو کسی اور کے نام سے چھاپا جاتا ہے اور کبھی فرقہ وارانہ مواد کو چھاپ کر اس پر کسی شیعہ تنظیم یا شخصیت کا نام چسپاں کر دیا جاتا ہے، کبھی بانی پاکستان محمد علی جناح کو وہابی یا دیوبندی ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور کبھی یہ کہا جاتا ہے کہ اگرچہ قائداعظم شیعہ تھے لیکن پاکستان بنانے میں ان کا ساتھ شیعوں نے نہیں دیا تھا۔ یہ مختلف حیلوں اور حربوں کے ساتھ شیعہ شناخت کو مٹانے کی کارروائیاں ہیں۔
 
افسوس صد افسوس یہ کہ یہ باتیں وہ لوگ کہہ رہے ہیں جن کا ماضی اس بات پر شاہد ہے کہ انہوں نے پاکستان کو کافرستان کہا، قائداعظم کو کافراعظم کہا اور آج بھی پاک فوج کو ناپاک فوج کہتے ہیں۔ یہ آج پاکستان پر اپنا دھونس جمانے کے لئے اہل سنّت والجماعت کو دھوکے کے ساتھ اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں۔ 

ان کا خیال ہے کہ کسی نہ کسی طرح اہل سنّت والجماعت کو اپنے ساتھ ملا کر اہل تشیع کے خلاف بنگالیوں کی طرح محاذ کھڑا کیا جائے۔ بفرضِ محال اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب بھی ہو جاتے ہیں تو اس کے بعد وہ اہلِ سنّت کے ساتھ کیا کریں گے، یہ بات بھی کسی سے مخفی نہیں۔ وہ اہلِ سنّت کے ساتھ وہی کچھ کریں گے جو انہوں نے افغانستان میں کیا اور جو کچھ وہ پاکستان میں اہل سنّت کے مزاروں اور مقدس مقامات کے ساتھ کر رہے ہیں۔
 
پاکستان میں اہل تشیع کے خاتمے کے لئے جہاں بہت سارے لشکر اور ٹولے سرگرمِ عمل ہیں، وہیں پر شیعہ شناخت کو مٹانے کے لئے مجیب الرحمن شامی سمیت "بڑے بڑے شامی" اور "نامی گرامی کوفی سردار" قلمی میدان میں اترے ہوئے ہیں، جن کا یہ دعویٰ ہے کہ اہل تشیع کو قائداعظم کا رشتے دار ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم بھی اس شامی و کوفی لشکر کو صرف ایک جملے میں اتنا جواب دینا چاہتے ہیں کہ اپنی شرمندہ تاریخ کے گریبان میں جھانک کر دیکھو اور اس حقیقت کو تسلیم کرو کہ اہل تشیع نے کبھی بھی اپنی حقّانیت کو ثابت کرنے کے لئے رشتے داری کا سہارا نہیں لیا۔
 
یزیدی بیت المال، سعودی ریالوں اور امریکی ڈالروں کی بیساکھیوں پر کھڑے ہو کر الجہاد، الجہاد کے نعرے لگانے والے شامی و کوفی توحید پرستو۔۔۔ تم چودہ سو سال میں اپنے تمام تر خون خرابے اور پروپیگنڈے کے باوجود حسین ابن علی علیہ السلام کو باغی ثابت نہیں کرسکے، یزید کو خلیفۃ الرسول (ص) نہیں منوا سکے، ہندووں اور انگریزوں کے ساتھ ملکر بھی پاکستان کو بننے سے نہیں روک سکے، پاکستان بننے کے بعد مسلمانوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر شیعہ اور سنّی میں تقسیم نہیں کرسکے ۔۔۔ نہیں کرسکے۔ 

تمہارے لئے اس سے بڑی شکست اور شرمندگی کیا ہوگی کہ جب تم تمام تر ڈالروں،  ریالوں، فتووں، سازشوں اور حربوں کے باوجود قائد اعظم کو کافر ثابت نہیں کرسکے تو آج قائداعظم کو وہابی یا دیوبندی ثابت کرنے کے لئے زور لگا رہے ہو۔ اور تمہیں ۔۔۔ تمہیں تو وہابیت اور دیوبندی مکتب سے بھی کوئی ہمدردی نہیں، شامی و کوفی فوج تو کسی دین مذہب اور اصول کی پابند نہیں ہوتی، یہ فوج تو کرائے پر پلتی اور چلتی ہے، کرائے کے سردار اور کرائے کے قلمبردار ۔۔۔ ضیاءالحق سمیت جو بھی مٹھی گرم کر دے، وہی امیرالمومنین اور جو اپنی آغوش میں بٹھا لے وہی آقا ہے۔۔۔ 

اے سپاہِ شام و کوفہ ۔۔۔ دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ
شاید تمہیں اتنا شعور بھی نہیں کہ تم ذات اور شناخت کے جس گھناونے جرم میں اپنا حصہ ڈال رہے ہو، اس کے نتیجے میں پھر کوئی بنگلہ دیش جنم لے سکتا ہے۔۔۔؟ پھر وقت کا قاضی تم سے یہ سوال کر سکتا ہے کہ بتاو آخری فتح کس کی ہوئی۔۔۔؟ کیا اہل تشیع کی ذات اور شناخت مٹ گئی؟
اے لشکرِ شام و کوفہ ابھی بھی وقت ہے ۔۔۔ اپنے شرمندہ اور رسوا کنندہ ماضی سے عبرت حاصل کرو ۔۔۔ صبح کا بھولا اگر شام کو گھر لوٹ آئے تو ۔۔۔ اسے بھولا نہیں کہتے ۔۔۔ بشرطیکہ لوٹ آئے۔۔۔
خبر کا کوڈ : 195438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
SALAMTI HO
United States
یہ چراغ پھونکوں سے بجھایا نہ جائے گا!

ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے
خون پھر خون ہے گرتا ہے تو جم جاتا ہے

ریحان
کیا کہنے نذر بھائی۔
ماشاءاللہ بہت خوب تجزیہ ہے۔ حرف حرف مبنی بر حقیقت۔
قمر
Pakistan
اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
بہلول بلتی
VERY NICE NAZAR SB
Iran, Islamic Republic of
سچ اور حق لکھا ہے
Iran, Islamic Republic of
ہمیشہ کی طرح دھماکہ خیز
ہماری پیشکش