0
Monday 17 Jun 2019 13:43

سانحہ ماڈل ٹاون، 5 برس بعد بھی متاثرین کو انصاف نہ مل سکا

سانحہ ماڈل ٹاون، 5 برس بعد بھی متاثرین کو انصاف نہ مل سکا
 رپورٹ: ابو فجر لاہوری

ملک بھر میں احتجاج، دھرنوں اور قانونی جنگ کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثاء 5 سال سے انصاف کے منتظر، کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی 2 جے آئی ٹیز نے رپورٹ جمع کرائی مگر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ تیسری جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹی فکیشن عدالت نے معطل کر رکھا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پانچویں برسی پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق جس کیس کی بازگشت دنیا بھر میں سنی گئی، وہ آج بھی 17 جون 2014ء کی پوزیشن پر کھڑا ہے، 17 جون 2014ء کو ماڈل ٹاؤن لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے سامنے سے سکیورٹی بیریئرز ہٹائے جانے کیلئے آپریشن ہوا، اس دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کے چند روز بعد مقامی پولیس کی مدعیت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج ہوئی، انصاف کے حصول کیلئے پاکستان عوامی تحریک نے لاہور سے اسلام آباد تک مارچ کیا، اسلام آباد میں طویل دھرنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں اس وقت کے وزیراعظم میاں نواز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، اس وقت کے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان سمیت کئی حکومتی شخصیات اور افسران کو نامزد کیا گیا، مگر کسی بھی نامزد ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

پاکستان عوامی تحریک نے حصول انصاف کیلئے ملک بھر میں شہر شہر احتجاج اور مظاہرے کیے، جبکہ قانونی جنگ بھی لڑی، مگر پانچ سال گزر جانے کے باوجود یہ کیس اپنی ابتدائی سطح پر کھڑا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ وہ جب تک قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ کیس عدالتوں میں ہے، اس وقت تک احتجاج نہیں کریں گے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ انہیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہیں کیا جائیگا۔ پاکستان عوامی تحریک کا مطالبہ ہے کہ غیر جانبدار جے آئی ٹی کو کام کرنے دیا جائے، تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔ پاکستان عوامی تحریک آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کی 5 ویں برسی ماڈل ٹاؤن میں منائے گی، جس میں سانحہ میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثاء اور زخمی ہونیوالے کارکن شریک ہوں گے۔ جاں بحق ہونیوالوں کی یادگار پر شمعیں روشن کی جائیں گی اور قرآن خوانی ہوگی، جبکہ تقریب سے ڈاکٹر طاہرالقادری لندن سے ویڈیو لنک پر خطاب اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 799956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش