0
Saturday 2 Nov 2019 12:58

حزب اللہ کا سیاسی الزام؟

حزب اللہ کا سیاسی الزام؟
اداریہ
لبنان کے حالات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پورے مشرق وسطیٰ میں جس اسلامی ملک کی سیاسی و سماجی خبریں سب سے زیادہ یورپ اور امریکہ میں دکھائی جاتی ہیں، وہ لبنان ہے۔ لبنان یورپی میڈیا میں کیوں زیر بحث رہتا ہے، اسکی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ فرانس نے کافی عرصے تک لبنان کو اپنی کالونی بنائے رکھا۔ اسکے علاوہ بیروت کو کسی زمانے میں مشرق وسطیٰ کی دلہن کہا جاتا تھا۔ اسی طرح لبنان کی عالمی خبروں میں رہنے کی ایک اور بڑی وجہ صہیونی لابی کا عالمی میڈیا پر قبضہ ہے، مشرق وسطیٰ میں غاصب اسرائیل کو اگر کسی نے نکیل ڈالی ہوئی ہے تو وہ لبنان کی حزب اللہ تنظیم ہے۔ امریکہ، اسرائیل سمیت دنیا کے تقریباَ تمام یورپی ممالک جو غاصب اسرائیل کے دامے درمے سخنے حامی ہیں، حزب اللہ اور لبنان میں جاری استقامتی تحریک اور اس کے استحکام میں شریک تمام قوتوں کو کمزور رکھنے کے خواہشمند ہیں۔

حزب اللہ کا عسکری کردار ان کے دائرے سے خارج ہے، لیکن حزب اللہ کے سیاسی کردار کو وہ ضرور متاثر کرسکتے ہیں۔ یوں بھی لبنان میں صدر، وزیراعظم اور اسپیکر کے عہدوں کا مخصوص مذاہب و مسالک میں تقسیم ہونا ایک بڑے اختلاف کا باعث بن سکتا ہے، لیکن حزب اللہ نے اس کا بہترین علاج یہ کر رکھا ہے کہ نبیہ بری کو اپنا اسپیکر نامزد کرکے شیعہ سیاسی گروہوں کے اختلافات کو تقریباَ ختم کر دیا ہے۔ اب رہا مسئلہ حکومت سازی اور پارلیمنٹ میں اتحادی سیاست کا تو حزب اللہ نے ہمیشہ لبنان کے وسیع تر مفادات کیلئے پارلیمانی سیاست کی ہے۔ حزب اللہ اور سعد حریری کی سوچ میں زمین آسمان کا فرق ہے، لیکن حزب اللہ نے وسیع تر قومی مفاد کیلئے وزارت عظمیٰ کیلئے سعد حریری کو ووٹ دیا ہے۔ اب جبکہ سعد حریری مستعفی ہوچکے ہیں اور حزب اللہ بھی ان کے استعفیٰ پر راضی نہ تھی۔

حزب اللہ نے نئے سیاسی سناریو میں اپنی انفرادیت کو برقرار رکھا ہے۔ سید حسن نصر اللہ نے اپنے گذشتہ روز کے خطاب میں اس بات کی جانب اشارہ کیا ہے کہ ہم چاہتے تھے کہ حکومت عوامی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کرے اور بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کے لیے قانون وضع کرے، تاکہ مسائل حل کرنے میں عوام مطالبات کو پورا ہوتے ہوئے محسوس کریں۔ حزب اللہ مظاہرین اور لبنانی عوام کے مسائل حل کرنے میں مخلص اور سنجیدہ تھی اور وہ کسی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں نہ تھی، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بیرونی سازش اپنا کام دکھا گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ امریکہ لبنان کی اقتصاد کو نشانہ بنائے ہوئے ہے اور یہ فقط سیاسی الزام نہیں بلکہ اس کے ثبوت موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 825219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش