0
Thursday 23 Jan 2020 09:39

نو ٹو امریکہ (No To America) ملین مارچ

نو ٹو امریکہ (No To America) ملین مارچ
اداریہ
عراق کے معروف مذہبی و سیاسی رہنماء مقتدیٰ صدر نے کل جمعہ کو پورے عراق میں نو ٹو امریکہ ملین مارچ کا اعلان کیا ہے۔ مقتدیٰ صدر کے علاوہ مختلف گروہوں نے بھی امریکہ کے خلاف مظاہروں کی حمایت کی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے عراقی پارلیمنٹ بھی عراق سے امریکی فوجی انخلاء کا بل پاس کرچکی ہے۔ دوسری طرف امریکہ نے بھی عراق میں اپنی مختلف لابیوں کو فعال کر رکھا ہے۔ یہ لابیاں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ذریعے کنٹرول ہو رہی ہیں۔ ان لابیوں سے مربوط افراد سعودی سفارتخانے سے بڑی بڑی رقوم لیتے ہیں اور امریکی اشاروں پر عراق میں بدامنی پھیلانے میں مشغول ہیں۔ اس وقت بھی دارالحکومت بغداد اور بعض جنوبی و مرکزی شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔

سڑکوں کو بند کرکے اور ٹائر جلا کر ہنگامہ آرائی کی جا رہی ہے۔ عراقی فوج کے آپریشنل کمانڈ نے انکشاف کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بعض ایسے افراد کو بھی گرفتار کیا ہے، جن کے پاس سائلنسر لگے ہتھیار تھے۔ مختلف شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہیں، لیکن غیر جانبدار ذرائع بھی اس کی تائید کر رہے ہیں کہ انہیں عوامی مظاہرین نہیں کہا جا سکتا، بلکہ اکثر جگہوں پر کرائے کے مخصوص افراد جلاؤ گھیراؤ کرکے مظاہروں کو میڈیا میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام نے مسلسل اپیلوں کے باوجود سول نافرمانی جیسی تحریک کا حصہ بننے سے انکار کیا ہے اور تقریباً تمام شہروں میں حکومتی دفاتر اور سرکاری تعلیمی ادارے کھلے ہیں۔

امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادی، قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی مہندس کی شہادت کے بعد عراق کے مختلف شہروں میں اُن کے جلوس جنازہ میں عراقی عوام کی بے مثال شرکت اور عراقی گروہوں میں بیدار ہونے والی اتحاد و اتفاق کی فضاء کو ایک بار پھر سبوتاژ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ عراق میں صدام کی بعث پارٹی کی باقیات اور سعودی دستر خوانوں کی ہڈیاں چوسنے والے بعض فرقہ پرست افراد عراق کی سالمیت، اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کو داؤ پر لگا کر امریکی اہداف کی تکمیل چاہتے ہیں۔ امید ہے نو ٹو امریکہ ملین مارچ ان سازشوں کو بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 840137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش