0
Friday 15 Nov 2013 00:25

کراچی جلوس

اسلام ٹائمز۔ کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہوگیا، عزادار راستے بھر نوحے پڑھ کر اور ماتم کرکے شہدائے کربلا کاغم مناتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق 9 محرم کی مرکزی مجلس عزا نشتر پارک میں ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا اور امام عالی مقام اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ مجلس کے بعد ماتمی جلوس برآمد ہوا، عزادار نوحے پڑھتے اور ماتم کرتے منزل کی جانب بڑھتے رہے، جلوس عزا میں علم اور تابوت بھی برآمد کئے گئے۔ جلوس ایم اے جناح روڈ پہنچا تو امام بارگاہ علی رضا کے سامنے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی امامت میں ہی نماز ظہرین ادا کی گئی۔ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس پھر منزل کی جانب رواں دواں ہوگیا، سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے، 18 ہزار سے زائد پولیس اور 7 ہزار کے قریب رینجرز اہلکار جلوس کی حفاظت پر مامور تھے۔ جلوس کے ساتھ اسکاؤٹس بھی اپنے فرائض خوش اسلوبی سے نبھا رہے تھے، جلوس کے راستوں کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی لی گئی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کے علاوہ فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ عزاداروں کیلئے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی تھیں، ٹرکوں پر بھی نذر و نیاز بانٹی گئی، نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پرختم ہوگیا۔
خبر کا کوڈ : 321033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش