اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ کیس میں کامیابی پر اتوار کو یوم تشکر منایا اور اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں بڑا جلسہ کیا جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ جلسہ میں خیبرپختونخواہ سمیت دیگر شہروں سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاناماکیس کا فیصلہ سنانے والے ججز کو سلام اور جے آئی ٹی ارکان کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔ اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے یوم تشکر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ میں اپنے سامنے ایک زندہ قوم دیکھ رہا ہوں جو پاکستان کے مسائل کو سمجھ بیٹھے ہیں، خوشی ہے کہ خواتین بھی پاکستان کو ایک عظیم قوم بنانے میں بھرپور جدوجہد کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کی طرف سے سپریم کورٹ کے 5 ججزکو سلام اور جے آئی ٹی کے ممبران کو سیلوٹ پیش کر تا ہوں۔