0
Monday 19 Sep 2022 11:30

لیگی رہنما جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کیخلاف مقدمہ درج

لیگی رہنما جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کیخلاف مقدمہ درج
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے دو اہم رہنماؤں کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور  جاوید لطیف کیخلاف لاہور میں درج کیا گیا۔ وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کی جانب سے کہا گیا کہ جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ گرین ٹاؤن میں درج  کیا گیا۔ مقدمے میں سرکاری ٹی وی کے ایم ڈی سہیل خان، کنٹرولر پروگرام راشد بیگ اور پروگرام کے پروڈیوسر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا کہ کسی شہری کیخلاف مذہبی منافرت اور تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دینگے۔ دوسری جانب مدعی مقدمہ مولانا ارشاد الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ تحریک انصاف کا سپورٹر ہے، وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی وی دیکھ رہا تھا کہ پریس کانفرنس میں جاوید لطیف نے عمران خان کیخلاف گفتگو کرتے ہوئے اسے اسلام سے خارج اور غیر مسلم قرار دیا۔
 
درخواست گزار کے مطابق جاوید لطیف نے عمران خان کو غیر مسلم اور غیر مسلموں کا سہولت کار  قرار دیا، جاوید لطیف کے ان ریمارکس سے لاکھوں پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ مولانا ارشاد الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ جاوید لطیف کے ان ریمارکس کا مقصد مذہبی انتشار پھیلانا اور ملک کے اندرونی حالات خراب کرنا تھا۔ مدعی مقدمہ نے کہا کہ اس معاملے میں جاوید لطیف کو ایم ڈی پی ٹی وی سہیل خان، کنٹرولر پروگرام راشد بیگ سمیت دیگر نے جاوید لطیف کی معاونت کی ہے۔ گرین ٹاون پولیس نے دہشتگردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ یاد رہے کہ مدعی  مقدمہ مولانا ارشاد الرحمان جامع مسجد عائشہ صدیقہ جیوا پارک باگڑیاں گرین ٹاون کے خطیب ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1015098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش