0
Wednesday 5 Oct 2022 22:44

کائنات تا ابد کربلا والوں اور سیدہ زینب کبریٰ کے احسان کا بدلہ نہیں چکا سکتی، علامہ مقصود ڈومکی

کائنات تا ابد کربلا والوں اور سیدہ زینب کبریٰ کے احسان کا بدلہ نہیں چکا سکتی، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے چک سٹی ضلع شکار پور میں 69 واں سالانہ قافلہ سادات اسیران شام کے موقع پر منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل رسول نے دین اسلام کی بقاء کے لئے جو قربانی دی وہ بے مثال ہے۔ اسیران اہل بیت علیھم السلام نے کوفہ و شام کے بازار اور دربار میں یزیدی سلطنت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہوئے حقیقی اسلام کی ترجمانی کی۔ محمدی اسلام کے نورانی چہرے کو دکھانے کے لئے بنو امیہ اور یزید پلید کے سیاہ چہرے سے پردہ ہٹانا ضروری تھا۔ کائنات تا ابد کربلا والوں اور سیدہ زینب کبریٰ کے احسان کا بدلہ نہیں چکا سکتی۔ سیدہ زینب کبریٰ اور آل رسول نے بے مثال قربانی دے کر دین اسلام اور انسانیت کی لاج رکھ لی۔ بازار اور دربار میں آل محمد کے اسراء کے خطبات آج بھی پوری کائنات میں گونج رہے ہیں۔

چشم فلک نے ایسے باکمال عاشق خدا شجاع اور بے باک انسان نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کی کربلا میں کربلائی افکار و کردار کے حامل اہل حق یزیدیت کے مقابلے میں سینہ سپر ہیں۔ عصر حاضر کے یزیدی داعشی لشکر بن کر حرم آل رسول پر حملہ آور ہوئے جسے عصر حاضر کے حسینیوں نے نشان عبرت بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول اتحاد بین المسلمین کا مہینہ ہے کیونکہ سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نقطہ اتحاد ہے۔ ہم شیعہ سنی وحدت کے علمبردار ہیں۔ اسلام دشمن سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد سے خائف ہیں۔ اس عظیم الشان سالانہ اجتماع کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع شکار پور کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1017809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش