0
Tuesday 27 Sep 2011 15:14

کلرکہار اسکول بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 36 ہو گئی

کلرکہار اسکول بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 36 ہو گئی
کلرکہار:اسلام ٹائمز۔ کلر کہار کے قریب موٹر وے سالٹ رینج میں اسکول کی بس کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 36 ہو گئی ہے جبکہ اٹھائیس زخمی بچوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پکنک منا کر آنیوالے فیصل آباد کے نجی اسکول کے بچوں کی بس واپس روانہ ہو تے ہی بریک فیل ہونے سے کھائی میں جا گری جس سے 33 بچوں سمیت 36 افراد جاں بحق جبکہ 65 زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں واقع ملت گرامر سکول کے بچے بس پر پکنک منانے کلر کہار گئے تھے۔ بس میں ایک سو پانچ بچے، تین ٹیچر، پرنسپل اور ایک ملازم سوار تھا۔ پکنک منانے کے لئے جانے والے بچے چھٹی جماعت سے لیکر دسویں جماعت کے تھے۔ بچے شام سات بجے کے قریب واپس فیصل آباد آ رہے تھے کہ بس کے بریک فیل ہو گئے اور وہ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں اسکول پرنسپل محمد حفیظ انور بھی جاں بحق ہو گئے۔ زخمی ہونیوالے بچوں کو کلر کہار اور چکوال کے اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کلر کہار کے قریب اسکول بس بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی تھی۔ ضلع فیصل آباد میں آج تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور بازار بند ہیں۔ ملت گرامر اسکول فیصل آباد کی بس اسکول کے بچوں کے کلرکہار کے تفریحی دورے کے بعد واپس فیصل آباد جا رہی تھی۔ اس دوران تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جا گری۔ پولیس کےمطابق بس میں سو سے زائد طلبہ اور اسکول کا دیگر عملہ سوار تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی ہے جبکہ پرنسپل سمیت اسکول کا دیگر عملہ بھی جاں بحق افراد میں شامل ہے۔ 65 سے زائد زخمی بچوں اور دیگر افراد کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال اور فوجی فاؤنڈیشن اسپتال چکوال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی بچوں کے مطابق بس اچانک تیز ہو گئی ڈرائیور نے بتایا کہ بریک فیل ہو گئے ہیں۔ پھر موڑ کاٹتے ہوئے بس گر گئی۔ اس اندوہناک سانحے پر اہم ملکی شخصیات نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ ڈی سی او فیصل آباد کے مطابق ضلع بھر میں آج تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور بازار بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

خبر کا کوڈ : 101898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش