0
Saturday 8 Oct 2011 12:37

اسلام آباد میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، خودکش جیکٹ سمیت بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

اسلام آباد میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، خودکش جیکٹ سمیت بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد شہر کے نواحی علاقہ چٹھہ بختاور میں ایک گاڑی سے راکٹ، خودکش حملے کی جیکٹ سمیت اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، پولیس نے بعض افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔ اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاوٴن کے علاقہ چٹھہ بختاور کی آبادی میں آج پولیس نے کارروائی کی اور ایک مکان میں کھڑی گاڑی سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی گزشتہ شب ایک مشکوک شخص کی گرفتاری کے بعد کی گئی، پولیس نے آپریشن کے دوران چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ علاقہ کی مکمل ناکہ بندی کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہل کار اور سکیورٹی حکام بھی وہاں پہنچ گئے۔ پولیس اور سکیورٹی اہل کاروں نے علاقہ کی تلاشی بھی لینا شروع کر دی، بتایا گیا ہے کہ برآمد ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود میں دستی بم، سینکڑوں گولیاں بھی شامل ہیں، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اسلحہ اور گولہ بارود، دہشت گردی اور بڑی تخریبی کارروائی کیلئے استعمال کیا جا سکتا تھا، تفتیش اور تحقیقات کا مزید عمل بھی جاری ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے علاقے چٹھہ بختاور میں گاڑی کی چیکنگ کے دوران بھاری 
مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چٹھہ بختاور کے علاقے میں لگے پولیس ناکے پر گاڑیوں کی معمول کے مطابق چیکنگ جاری تھی کہ مذکورہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس میں سے ہینڈ گرینیڈ اور راکٹ لانچرز سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود موجود تھا۔ گاڑی پکڑے جانے کے فوری بعد پولیس نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر اس کی ناکہ بندی کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق گاڑی کے بارے میں کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی بلکہ اس گاڑی کو معمول کی چیکنگ کے نتیجے میں روکا گیا تھا۔ پولیس نے گاڑی میں سوار افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تاہم گرفتار ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 104602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش