0
Monday 27 Mar 2023 09:20

مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کی ضرورت ہے، بیرسٹر سلطان

مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کی ضرورت ہے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 5 اگست2019ء کے بھارتی اقدامات کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے اور انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں، نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ خود بھارت میں مقیم اقلیتوں کو بھارتی حکومت کی طرف سے ناروا سلوک کا سامنا ہے اور بھارت میں مقیم اقلیتیں بھارتی ظلم و جبر کے زیر عتاب ہیں، لہذا ایسی صورت میں بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے اور مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کی ضرورت ہے۔ لہذا اس سلسلے میں اندرون و بیرون ملک آباد کشمیری انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب مبذول کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں آزادکشمیر کے سیاسی رہنماء فیض حمید فیضی کے ہمراہ کھڑی شریف کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر برقیات و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فیض حمید فیضی نے کہا کہ ہم آپ کی ہدایت پر برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے متحرک ہیں۔ اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آپ جیسے وفادار اور جانثار ساتھیوں کی وجہ سے ہی میری قوت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور میں نہ صرف کشمیر کی آزادی کے لئے عالمی سطح پر کوششیں کر رہا ہوں بلکہ میری کوشش ہے کہ آزادکشمیر میں بھی ایک بہتر ماحول پیدا ہو اور آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کر سکوں۔
خبر کا کوڈ : 1048954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش