0
Saturday 3 Jun 2023 21:34

عمران خان نے ریاست مخالف بیانیہ بناکر کارکنان کو افواج سے دشمنی پر لاکھڑا کیا، مصطفیٰ کمال

عمران خان نے ریاست مخالف بیانیہ بناکر کارکنان کو افواج سے دشمنی پر لاکھڑا کیا، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت پاکستان ہاؤس میں ڈیجیٹل میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے کارکنان کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال، اراکین رابطہ کمیٹی، سی او سی کے ذمہ داران اور ڈیجیٹل میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے ذمہ داران سمیت تمام ٹاؤنز کے ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں سوشل میڈیا ایک طاقتور ہتھیار بن چکا ہے جس کا مثبت استعمال ملک میں انقلاب برپا کرسکتا ہے، اگر آج کے ان نامسائب حالات سے نمٹنا ہے تو ہمیں دور حاضر کے حساب سے چلنا ہوگا، ہمیں اب مل کر اس شہر کے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لئے میدان عمل میں آنا ہوگا، اب ایک جدید دور ہے اور اس دور میں ہمیں کسی کا گریبان نہیں پکڑنا اب ہمیں اپنے حقوق کی جنگ ٹوئیٹر پر لڑنی ہے، اپنے مسائل کو دنیا تک سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچانا ہے اور یہ اس وقت ممکن ہوگا جب ہم اپنے مسائل کے حل کیلئے ٹرینڈز چلائیں گے۔

مصطفی کمال نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے ریاست مخالف بیانیہ بناکر اپنے کارکنان کو افواج اور ملک سے دشمنی پر لاکھڑا کیا اور اس میں اس کا ساتھ اس کی پارٹی کے رہنماؤں نے دیا اور آج ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میرا کوئی قصور نہیں میرے کارکنان کا قصور ہے، عمران نیازی آج بھی صادق و امین بننے کی کوشش کر رہا ہے، ہمارے اداروں کو اب یہ دیکھنا ہوگا اور اس کے بیرونی ایجنڈے کو پاکستان کے عوام کے سامنے لانا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ تمام کارکنان تنظیم کی فکری اساس سے مکمل واقفیت رکھیں اور تنظیم کے ہر فیصلے سے باخبر رہیں، ہمیں بھی اب پیسے جمع کرکے موبائل فونز خریدنے ہوں گے اور اپنے لوگوں کے مسائل کو اس طرح سے حل کرنا ہوگا، جو شخص اپنے مسائل کا حل چاہتا ہے تو پھر اسے ایک ویڈیو بنانی ہوگی اور پھر اسے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا ہوگا اور اگر ہم اپنے مسائل کو اس طرح حل نہیں کروا سکتے تو پھر ہمیں بولنے کا بھی حق نہیں کہ پانی نہیں آرہا بجلی نہیں ہے گیس نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 1061806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش