0
Monday 5 Jun 2023 22:09

موجودہ سنگین حالات میں امام خمینیؒ جیسی صالح و عادل قیادت کی ضرورت ہے، متحدہ علماء محاذ

موجودہ سنگین حالات میں امام خمینیؒ جیسی صالح و عادل قیادت کی ضرورت ہے، متحدہ علماء محاذ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی صدر حجة الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت، خطیب پاکستان مولانا انتظار الحق تھانوی کی زیر سرپرستی امام خمینی کی 34ویں برسی پر سیمینار بعنوان ''بیت المقدس و وحدت امت کیلئے امام خمینی کا کردار'' میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی اسلامی انقلاب ایران آیت اللہ امام خمینی نے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور وحدت امت کیلئے رمضان کے آخری جمعة الوداع کو یوم القدس اور رحمت اللعالمینؐ کی ولادت باسعادت پر ہفتہ وحدت منانے کا جرأت مندانہ قابل تقلید و ستائش پیغام دیا، جس کے بہتر نتائج آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں بین المسالک ہم آہنگی، وحدت امت اور فلسطین و کشمیر کیلئے عظیم الشان جذبہ حریت و بیداری کی صورت میں نظر آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایران کے مابین روز بروز بڑھتے ہوئے خوش آئند تعلقات، بیت المقدس کی جلد آزادی پر منتج ہوںگے، شیعہ سنی اختلافات میں کمی اور باہمی تعلقات میں رواداری، مسلکی ہم آہنگی اور اتحاد کی فضاء کو فروغ حاصل ہورہا ہے، پرامن اسلامی انقلاب پاکستان کا مقدر ہے، موجودہ سنگین حالات میں امام خمینیؒ جیسی صالح، عادل، مدبر، مفکر، بوریا نشین درویش صفت قیادت کی ضرورت ہے، امام خمینی اور ان کی پیش رو قیادت نے جمہوری اسلامی ایران کو مختلف سخت ترین امریکی پابندیوں کے باوجود تاحال ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا ہوا ہے۔

سیمینار میں علماء مشائخ نے متفقہ قرارداد میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو تیسری مرتبہ شاندار تاریخی کامیابی کے نتیجے میں صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ ایک اور قرارداد میں سانحہ 9 مئی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سانحہ کے مجرموں، سہولت کاروں کو بلاامتیاز کسی بھی رو رعایت کے بغیر عبرتناک سزائیں دیئے جانے کا پرزور مطالبہ کیا گیا، ملک و قوم کا عظیم فخر افواج پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیرکے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ اٹھا کر یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ تیسری قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان اسلام کے نام پر اور کلمہ توحید کی بنیاد پر لاکھوں قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا تھا، 75 سالوں بعد بھی انگریز کی غلامی کے اسیر نااہل، کرپٹ، ظالم حکمران تاحال مقاصد پاکستان سے مجرمانہ انحراف کررہے ہیں، موجودہ حکمران پاکستان کی حقیقی امن و خوشحالی و استحکام کیلئے فوری طور پر نفاذ اسلام کا اعلان کریں۔ سیمینار میں اسرائیل کی غزہ پر حالیہ بمباری کے خلاف اقوام متحدہ اور مسلم حکمرانوں سے مؤثر کردار اداکرنے کی اپیل کی گئی۔

سیمینار سے مہمان خصوصی محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، محاذ کے نائب صدر علامہ سید سجاد شبیر رضوی، محاذ کراچی کے صدر انسداد منشیات مرکز کے سربراہ شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد، علامہ سید طاہر جمال تھانوی، مفسر قرآن علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، حجة الاسلام علامہ حسن شریفی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی، علامہ نثار احمد قلندری، مفتی وجیہہ الدین، مولانا محمد اقبال ڈہروی، علامہ علی سرکار نقوی، مولانا حافظ عبدالمجید، یعقوب احمد شیخ، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک، تاجر رہنما مولانا فہیم الدین انصاری، محمد مبین انصاری، سماجی رہنما ظہیر حسن، محمد انور سلیم ہاشمی، مظاہر حسین ہاشمی و دیگر نے خطاب کیا جبکہ معروف نعت و منقبت خواں خواجہ پیر سید معاذ علی نظامی اور قاری حسین الدین شاہ رحمانی نے بارگاہ رسالتؐ و اہل بیت اطہارؑ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محاذ کے سرپرست مولانا انتظارالحق تھانوی نے ملکی امن و استحکام، فلسطین و کشمیر اور افواج پاکستان و شہدائے ملک و ملت کیلئے خصوصی دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 1062135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش