0
Wednesday 19 Oct 2011 14:55

پاکستان کے دفاعی اخراجات 7 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے

پاکستان کے دفاعی اخراجات 7 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
کراچی:اسلام ٹائمز۔ گزشتہ ایک عشرے سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کرنے والے ایٹمی ملک پاکستان نے اپنی دفاعی بجٹ میں 49 فیصد اضافہ کیا ہے، جو پاکستان کے پڑوسی اور روایتی حریف بھارت سے 20 فیصد کم ہے۔ پاکستان نے نائن الیون حملوں کے بعد نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سپر پاور امریکا کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستان میں گزشتہ 11 سالوں سے شدت پسندی اور دہشتگردی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا، پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تاحال 72 ارب ڈالر کا نقصان اور 36 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی جانوں کا نذرانہ دینا پڑا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دہشتگردی کا شکار ایٹمی ملک پاکستان کا سال 2006-2007 تک دفاعی بجٹ 4 ارب ڈالر سے زائد تھا، جو سال 2007- 2008 میں اضافہ کے ساتھ 4.08 ارب ڈالر ہو گیا اور اس وقت تک پاکستان کو اندرونی دہشت گردی کے شدید خطرات لاحق تھے۔
سال 2008-2009 میں پاکستان نے بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے دفاعی بجٹ میں 7 فیصد اضافہ کے ساتھ 4.4 ارب ڈالر کی رقم مختص کی تھی، سال 2010-2011 میں 16 فیصد اضافہ کے ساتھ 6.41 ارب ڈالر جب کہ سال 2011-2012 کے لئے پاکستان نے دفاعی بجٹ میں 12 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 7.07 ارب ڈالر کی خطیر رقم رکھی، جو پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں کئی گنا کم ہے۔ پاکستانی فوج کے ادارے انٹر سروسز پبلک رلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان میں تمام فوجیوں کی تعداد 11 لاکھ 27 ہزار 200 ہے جن میں 10 لاکھ 20 ہزار جوان زمینی فوج میں شامل ہیں جب کہ 73 ہزار اہلکار فضائی اور 30 ہزار 200 سے زائد جوان بحری فوج میں شامل ہیں، پاکستان کے پاس 4 ہزار جوانوں پر مشتمل ایس ایس جی کمانڈو فورس بھی چیلنجز کا سامنہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
 دستیاب رپورٹس کے مطابق 18 کروڑ سے زائد آبادی والے دہشتگردی میں گھرے ہوئے ملک پاکستان کی فوج پڑوسی ملک بھارت کی فوج سے 330 فیصد کم ہے جبکہ پاکستان کے دفاعی اخراجات بھی بھارتی جنگی اخراجات سے بہت کم ہے، بھارت نے گزشتہ پانچ برسوں میں جنگی اخراجات میں 72 فیصد جب کہ پاکستان نے اپنے دفاعی اخراجات میں 49 فیصد اضافہ کیا ہے۔
مختلف دفاعی رپورٹس کے مطابق بھارت کے مقابلے میں پاکستانی ایٹمی ہتھیار خصوصی اہمیت کے حامل ہیں جبکہ پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی بھی بھارت کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے، ایٹمی ملک پاکستان کے پاس 11 قسم کے بیلسٹک میزائل ہیں جن میں ٹیپو سرفہرست ہے جو کہ 4 ہزار کلو میٹر تک نشانہ بنا سکتا ہے۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق پاکستان کا شاہین 2 میزائل 2 ہزار 500 کلو میٹر تک نشانہ مار سکتا ہے، جبکہ غوری 2 میزائل بھی 2 ہزار 400 کلو میٹر تک نشانہ بنانے کی اہلیت رکھتا ہے، پاکستان کے پاس 3 ہزار 500 ٹینکس، 630 فضائی طیارے جب کہ 8 میرینز اور 6 فائیٹر شپ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 107595
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش