0
Friday 28 Oct 2011 20:29

صدر زرداری مستعفی ہو جائیں ورنہ عوام انہیں الٹا لٹکا دیں گے، شہباز شریف

صدر زرداری مستعفی ہو جائیں ورنہ عوام انہیں الٹا لٹکا دیں گے، شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ استحکام پاکستان اور گو زرداری گو ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اس لئے ترقی نہیں کر رہا کیونکہ ایک منحوس شخص اقتدار میں ہے، اگر زرداری نے اقتدار نہ چھوڑا تو عوام انہیں بھاٹی چوک پر الٹا لٹکا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھیں یہ سمندر آخری معرکے کیلئے تیار ہے،آپ کے لئے بہتر ہے کہ استعفٰی دے کر عوام کے کٹہرے میں آ جائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آپ صدر زرداری کو صدر کیوں نہیں مانتے تو میں انہیں ایک ہی جواب دیتا ہوں کہ میں انہیں اس لئے صدر نہیں مانتا کہ یہ شخص ملک کو لوٹ رہا ہے اس کے پیسے سوئس بنکوں میں ہیں، جب ملک پر کوئی مشکل آئے تو یہ ملک سے باہر ہوتا ہے اور ہمارے ملک کی عزت کو داغدار کرکے اغیار کو مبارکباد دے تو آپ بتائیں میں ایسے شخص کو مداری نہ کہوں تو کیا کہوں؟ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں ریلوے، پی آئی اے اور دیگر کئی ادارے تباہ ہو گئے ہیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوب گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ زرداری ٹولے کا احتساب کیا جائے، شہباز شریف نے کہا کہ اب ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ ملک کا کوئی محکمہ ایسا نہیں، جس میں کرپشن اور بدعنوانی نہ کی گئی ہو، ہر جگہ لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور صدر زرداری اپنے دوستوں کو نوازنے کے لئے انہیں اعلٰی اور حساس عہدوں پر تعینات کئے جا رہے ہیں، رحمن ملک ہو یا نیب کا چیئرمین، کسی بھی عہدے پر اچھے کردار کا مالک کوئی بندہ نہیں، انہیں غریب عوام کے مسائل کا علم ہی نہیں، جب بھی ملک کو صدر کی ضرورت ہوتی ہے یہ سیر سپاٹے کے لئے کنی کترا کر نکل جاتا ہے اور پیچھے گیلانی کو چھوڑ جاتا ہے جو صفائیاں دیتے پھرتے ہیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ سیاست دان اپنے بیرون ملک اثاثے واپس وطن لے آئیں ورنہ قوم انہیں بھاٹی چوک میں الٹا لٹکا دے گی۔
 شہباز شریف نے کہا کہ فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ سننے کے باوجود نواز شریف نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ جمہوری حکومت کو اس سے قبل کبھی مدت پوری نہیں ہونے دی، لیکن حکمرانوں نے جمہوریت کو بدنام کر دیا اور اس عمل کو ہماری کمزوری سمجھا گیا، انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیکھو آج لاکھوں لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر تمہیں بددعائیں دے رہے ہیں، آج آصف زرداری کراچی سے لیکر پشاور تک گھس بیٹھیے ڈھونڈھ رہے ہیں کہ کس طرح نواز شریف کے ووٹ بینک پر ڈالا جائے، لیکن سن لیں اس طرح سے جو اصل بے نظیر بھٹو کے جیالے ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ ستر کروڑ کا ہیلی کاپٹر لیا، لیکن میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میرے عوام بھوکے مر رہے اور میں ہیلی کاپٹروں پر سفر کروں، ایسے سفر پر لعنت بھیجتا ہوں۔ ڈینگی کی وبا آئی، لیکن اللہ نے ہمارے بازوؤں میں ہمت دی اور اس کا مقابلہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں مانتا ہوں کچھ لوگ ڈینگی سے جاں بحق ہوئے، جس پر بےحد افسوس ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وسطی پنجاب میں ڈینگی کی وبا آئی تو انہوں نے آنکھیں پھیر لیں، ملک میں سیلاب آیا تو وہ غیر ملکی دوروں پر چلے گئے، دو مئی کو جب ملکی سالمیت پر حملہ ہوا تو آصف زرداری نے خط لکھ کر مبارک باد دے کر ثابت کر دیا کہ وہ صدر نہیں ہو سکتے بلکہ کچھ اور ہی ہو سکتے ہیں۔ صدر زرداری سوئز بینک بھرنے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں، مال جمع کرنے سے انہیں فرصت ہی نہیں کہ عوامی مسائل پر توجہ دیں۔
انہوں نے صدر زرداری کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے استعفٰی نہ دیا تو پھر مشرق وسطٰی ممالک کی طرح عوامی سیلاب سب کچھ بہا کر لے جائیگا، پاکستان کے غیرت مند عوام صدر آصف علی زرداری کو مزید مہلت نہیں دیں گے کیونکہ ان کی موجودگی میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے، ملک میں بجلی اور گیس نہیں، جس کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوب چکا ہے، بہتر ہے کہ صدر آصف علی زرداری خود استعفٰی دیدیں وگرنہ پارلیمنٹ خود احتساب کریگی ملک کو چوروں اور لٹیروں سے بچانا ہو گا۔ ہمیں قائد رہ اور اقبال رہ کا پاکستان چاہیئے، عوام کی طاقت سے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے، ملک پر حکمرانوں کی نحوست کا سایہ ہے عوام کی مدد سے پاکستان کا اصل نقشہ واپس لائیں گے، حکمران قوم کے خون پسینہ کی اربوں روپے کی رقم جو بیرونی بینکوں میں پڑی ہے واپس لائیں وگرنہ مجبور قوم ان کو الٹا لٹکا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ حکومت کو ہٹائے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا، جو قومیں بھیک مانگ کر گزر بسر کرتی ہیں، وہ کبھی بھی سر اٹھا کر نہیں چل سکتیں۔ 
شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت ریلوے، پی آئی اے، سٹیل مل اور ہر ادارے پر کرپشن اور کمیشن مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نواز شریف کی طرح آج بجلی پیدا نہیں کی جا رہی، گوادر پورٹ اور موٹر وے نہیں بن رہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لئے عوام کو وعدہ کرنا ہو گا کہ اس ٹولے سے نجات دلا کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھنی ہو گی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے گو زرداری گو کے نعرے بھی لگوائے اور انقلابی شاعر حبیب جالب کی نظم ’’تیرے دستور کو صبح بے نور کو، میں نہیں مانتا‘‘ بھی پڑھی۔ 
خبر کا کوڈ : 109948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش