0
Thursday 18 Apr 2024 22:38

سردار قاآنی کا اسمعیل ہنیہ کے نام نیا پیغام

سردار قاآنی کا اسمعیل ہنیہ کے نام نیا پیغام
اسلام ٹائمز۔ ایرانی سپاہ پاسداران کی ذیلی بریگیڈ قدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل اسمعیل قاآنی نے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ سیاسی بیورو اسمعیل ہنیہ کو نیا پیغام ارسال کیا ہے جس میں ان کی استقامت اور مزاحمتی طاقت کو سراہتے ہوئے غیرقانونی و سفاک اسرائیلی رژیم کے حملوں میں ان کے بچوں کی شہادت پر تعزیت و تہنیت پیش کی گئی ہے۔

اپنے پیغام میں سردار قاآنی کا کہنا تھا کہ میں اپنی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام رہنماؤں کی جانب سے تعزیت پیش کرتا ہوں اگرچہ آپ مبارکباد کے مستحق ہیں اور میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ آپ خدا کی راہ میں اور فلسطینی آزادی کے رستے جو کچھ پیش کر رہے ہیں وہ اسے قبول فرمائے اور شہداء کے درجات کو بلند کرے۔

کمانڈر قدس فورس نے مزید کہا کہ آپ نے اپنے پیاروں کی شہادت کی خبر استقامت و پائیداری کے ساتھ دریافت کی اور ثابت کر دیا کہ آپ غزہ کے بافخر سپوت ہیں اور غزہ کے سانحے میں آپ برابر کے شریک ہیں اور غزہ کے تمام شہداء آپ کے خاندان کا حصہ و فرزند ہیں جبکہ ہمیں آپ سے ایمان، پائیداری اور سپہ سالارانہ جذبے کے علاوہ کسی دوسری چیز کی توقع نہیں!

اس پیغام میں تاکید کی گئی ہے کہ آپ کے بچے اور پوتے سب قدس کی راہ میں اور ہمارے دور کے عظیم ترین مقصد کی راہ میں شہید ہوئے ہیں جو نہ صرف فلسطینی آزادی کو مزید قریب لانے اور دنیا بھر کو اس خواب غفلت سے بیدار کرنے والوں میں شامل ہوئے ہیں کہ جس کو غاصب صیہونیوں نے دنیا بھر پر مسلط کر رکھا ہے بلکہ انہوں نے مسئلہ فلسطین کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بھی بنا ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شہداء اور آپ کے خاندان کے باقی ​​شہداء کا مقدس لہو ظاہر کرتا ہے کہ جہاد کا وہ مکتب کہ جس میں آپ کے سپہ سالار اور بچے پلے بڑھے ہیں، خدا کی راہ میں قربانی پیش کرنے والا مکتب ہے۔

فلسطینی میڈیا نے آج اعلان کیا تھا کہ اسمعیل ہنیہ کے بھتیجے محمد عبدالکریم ہنیہ بھی غزہ کی پٹی پر ہونے والی غاصب صیہونی رژیم کی انسانیت سوز بمباری میں شہید ہو گئے اور یوں اپنے والد کی روح کے ساتھ جا ملے ہیں کہ جو قبل ازیں غزہ میں ہی شہید ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں غاصب صیہونی رژیم نے الشاطی کیمپ میں اپنے حالیہ ڈرون حملے میں اسمعیل ہنیہ کے 3 بیٹوں اور 3 پوتے پوتیوں کو بھی نشانہ بنا کر شہید کر دیا تھا۔

عیدالفطر کے روز غزہ کی پٹی میں ہونے والی سفاکانہ اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والی اسمعیل ہنیہ کی پوتی ملاک ہنیہ بھی 2 روز قبل شہید ہو گئی تھیں جبکہ اسمعیل ہنیہ کے بقول غاصب صیہونیوں کے حملوں میں اب تک ان کے اہلخانہ کے 60 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1129576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش