0
Monday 22 Apr 2024 11:40

سید ابراہیم رئیسی کا دورہ، پاک ایران دشمنوں کیلئے واضح پیغام ہے، ریاض حسین پیرزادہ

سید ابراہیم رئیسی کا دورہ، پاک ایران دشمنوں کیلئے واضح پیغام ہے، ریاض حسین پیرزادہ
اسلام ٹائمز۔ آج صبح نور خان ائیر بیس پر ایرانی صدر کا استقبال کرنے والے وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ "ریاض حسین پیرزادہ" نے ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی سے بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ایک انقلابی اور امت مسلمہ کا درد رکھنے والی شخصیت کے عنوان سے سید ابراہیم رئیسی کے دورے پر پاکستانی عوام کے دل خوشحال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید ابراہیم رئِیسی کا دورہ پاکستان ایک ایسے وقت میں انجام پذیر ہوا جب دشمن، دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں۔ مگر ہمیں اطمینان ہے کہ ایرانی صدر کی ہمارے ہاں موجودگی دشمنوں کے لئے واضح پیغام ہے اور اس دورے سے پاک ایران دشمنوں کو مایوسی ہو گی۔ انہوں نے اسرائیل کے خلاف ایران کی منہ توڑ جوابی کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کو عالم اسلام کا فخر سمجھتے ہیں کیونکہ ایران وہ تنہاء ملک ہے جو پوری قوت کے ساتھ خطے میں سازشوں سے نبرد آزما ہے اور بہادری سے اسرائیل کا مقابلہ کر رہا ہے۔

ریاض حسین پیرزاده نے انسانی حقوق اور دوسرے ممالک کی خود مختاری کے حوالے سے مغرب و اسرائیل کے حامی ممالک کے دوغلے پن کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل ایک علاقائی اتحاد بننا چاہئے تا کہ مشترکہ چلینجز سے نمٹا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جنگ سازی کا منصوبہ بنانے والے پاکستان اور ایران کے دشمنوں نے دیگر اسلامی ممالک کا رُخ کیا۔ ان منصوبہ سازوں نے دہشت گردی کو خود مختار اقوام بالخصوص پاکستان و ایران کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ نے کہا کہ یقیناً اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ قریبی معاملات اور اعلیٰ سطح پر تعاون کو فروغ دینے سے ہمارے دشمنوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بالخصوص ہماری مشترکہ سرحدوں پر مخالف قوتوں کے پھیلاؤ کو روکنے کا یہ ایک موقع ہے۔
خبر کا کوڈ : 1130307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش