0
Wednesday 16 Nov 2011 20:13

اںصار برنی کا اپنا فیصلہ یا امریکہ کا اشارہ، حکومت کے خلاف میدان عمل میں کودنے کا اعلان

اںصار برنی کا اپنا فیصلہ یا امریکہ کا اشارہ، حکومت کے خلاف میدان عمل میں کودنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق و شہری آزادیوں کے لئے بین الاقوامی ادارے انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وہ ملک میں انتہا کو پہنچی ہوئی کرپشن، دہشتگردی، بھتہ خوری، انتہا کی مہنگائی اور اغواء برائے تاوان جیسے سنگین جرائم کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کی تاریخ امریکہ سے واپسی پر دینگے جس کے بعد انسانی عظمت و وقار اور انسانیت کے عظیم تر مفاد میں دسمبر میں باقاعدہ غیر سیاسی تحریک شروع کر دی جائے گی۔
لندن سے امریکہ کے لئے روانگی سے قبل ہیتھرو ائیرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے انسانی حقوق کے علمبردار انصار برنی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس سنگین صورتحال میں کہ جہاں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے، بعض منافق اور خود غرض سیاستدان اپنے مفادات کے لئے قوم کو بانٹنے میں لگے ہوئے ہیں، انسانوں کی گردن کٹی بوری میں بند لاشوں پر سیاست ہو رہی ہے، کاروباری طبقہ اغواء برائے تاوان ادا کر رہا ہے اور سیاستدان لوٹ مار میں ایک دوسرے کا سہارا بن چکے ہیں تو ایسے حالات سے دوچار پاکستانی عوام کو اس دلدل سے نکلنے کے لئے ایک غیر سیاسی تحریک کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اکیس نومبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور پھر دسمبر کی کوئی تاریخ دینگے جس کے بعد تحریک شروع کر دی جائیگی۔ انصار برنی نے کہا کہ زیادہ تر کرپٹ اور منافق سیاستدان کرپشن میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی بازی میں لگے ہوئے مفاہمت کے نام پر بدترین منافقت کر رہے ہیں، حکمران خود کرپشن کی حدوں سے آگے نکل چکے ہیں جہاں کرپشن اور منافقت ایمان بنا لی گئی ہے اور ایک طرف دہشتگردی کے خلاف بیانات تو دئیے جاتے ہیں لیکن دوسری طرف دہشت گردی کی بھرپور سرپرستی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کی جانب سے پاکستان میں کرپشن سے پاک معاشرے اور انسانیت و انسانی عظمت و وقارکے ساتھ ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں اب انہوں (انصار برنی) نے اپنی قوم کو اس دلدل سے نکالنے کے لئے اٹھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلہ میں انہیں ملک بھر سے اور بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کا یقین دلایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 114464
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش