0
Thursday 17 Nov 2011 19:07

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور عوام نے بہت بھاری قیمت ادا کی ہے، ڈاکٹر عشرت العباد

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور عوام نے بہت بھاری قیمت ادا کی ہے، ڈاکٹر عشرت العباد
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور عوام نے بہت بھاری قیمت ادا کی ہے اور پاکستانی معیشت پر اس کے بڑے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں جبکہ مغربی دنیا میں پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا اور بالکل غلط تصور اور غلط تاثر پیدا کیا گیا حالانکہ پاکستانی حکومت، افواج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں اور قیام امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاک بحریہ کے 41 ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی این اسٹاف کورس میں پاکستان سمیت 10 ملکوں کی افواج کے افسران نے گورنر سندھ سے ملاقات کی اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ وسیم احمد، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید، سیکرٹری بلدیات علی محمد بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ حکومت ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ساحلی پٹی پر تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اہم کارروائیاں کی گئی ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کار ساحلی علاقے میں رہائشی کمرشل سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تفریحی پروجیکٹس میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ کراچی ملک کا اقتصادی مرکز اور ریونیو انجن ہے ملک میں استعمال ہونے والی 60 فیصد گیس سندھ سے نکالی جارہی ہے۔ سندھ میں دیہی اور شہری تقسیم کے باوجود حکومت نے تمام علاقوں میں وسائل کی مساوی تقسیم اور سب علاقوں کی ترقی پر بھرپور توجہ مرکوز رکھی ہے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے دیہی علاقوں میں زرعی شعبے اور شہری علاقوں میں صنعتوں کے دائرہ کار کو فروغ دینے اور اعلی تعلیم پر توجہ دی گئی ہے۔
کراچی کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں لسانی، فرقہ ورانہ اور سیاسی مسائل ہیں ایک خاص مدت میں دہشت گردی کی لہر بھی چلی تھی جس کا سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا اور حکومت نے اقدامات کرکے صورت حال بہتر بنالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہتھیار باہر سے آتے ہیں غیر قانونی اسلحہ پر قابو پانے کے لیے قومی سطح پر اقدامات سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں عسکری عنصر کے خاتمے اور شہر کو اسلحہ سے پاک کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بہت اچھا ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم اور کمشنری سسٹم میں بہت فرق ہے، آئین پاکستان کے تحت ہمیں حکومت کا تیسرا مرحلہ وضع کرنا ہے جسے مالی اختیارات بھی حاصل ہوں، فنانشل آزادی گراس روٹ لیول پر دینی ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 114748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش