0
Saturday 12 Sep 2009 12:09

ترجمان طالبان سوات مسلم خان سمیت 5 طالبان کمانڈروں کی گرفتاری کی تصدیق، فضل اللہ کو بھی جلد پکڑ لیں گے، فوجی ترجمان

ترجمان طالبان سوات مسلم خان سمیت 5 طالبان کمانڈروں کی گرفتاری کی تصدیق، فضل اللہ کو بھی جلد پکڑ لیں گے، فوجی ترجمان
راولپنڈی،سوات:سکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان سوات کے ترجمان مسلم خان سمیت 5 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل اطہر عباس نے کہا کہ گرفتاریاں طالبان کے لئے بڑا دھچکا ہیں۔ فضل اللہ کو بھی جلد پکڑ لیں گے۔ دہشت گردوں کے ساتھ کسی صورت مذاکرات نہیں کریں گے، وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ظالمان منطقی انجام تک پہنچ رہے ہیں،باقی ماندہ طالبان بھی خود کو حکومت کے حوالے کر دیں، دوسری طرف آپریشن راہ راست میں جھڑپوں کے دوران 2 جنگجو مارے گئے 13 کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مینگورہ کے نواح میں کامیاب آپریشن کے دوران طالبان کے ترجمان مسلم خان اور سرکردہ لیڈر محمود خان سمیت پانچ دہشت گرد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکومت نے مسلم خان اور محمود خان کی گرفتار پر ایک ایک کروڑ روپے کی رقم مقرر کر رکھی ہے دیگر گرفتار ہونے والے دہشت گرد کمانڈروں میں فضل غفار، عبدالرحمن اور سرتاج شامل ہیں۔میجر جنرل اطہر عباس کا کہنا ہے کہ یہ بات بالکل غلط ہے کہ ان کو مذاکرات کے دوران گرفتار کیا گیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکریت پسند رہنما فضل اللہ کی گرفتاری بھی جلد عمل میں آجائے گی۔ وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان مسلم خان کی گرفتاری پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ظالم انتہا پسند کو کسی صورت حکومت کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ظالمان اب اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ باقی ماندہ ظالمان اپنے آپ کو حکومت کے حوالے کر دیں وگرنہ آخری ظالم کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا۔

خبر کا کوڈ : 11500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش