0
Thursday 1 Dec 2011 23:38

مستقبل میں جارحیت کرنے والے بچ نہ سکیں گے، بھرپور جواب دیاجائے گا، جنرل کیانی

مستقبل میں جارحیت کرنے والے بچ نہ سکیں گے، بھرپور جواب دیاجائے گا، جنرل کیانی
اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاک فوج کو نیٹو کی جانب سے آئندہ کسی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا حکم دے دیا ہے، نیٹو کی کارروائی پر فوج پر چین اینڈ کمانڈ سسٹم لاگو نہیں ہو گا اور براہ راست کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کمانڈ اینڈ چین سسٹم ختم کر د یا ہے۔ آرمی چیف کی طرف سے افواج پاکستان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں نیٹو یا ایساف نے پاکستانی حدود میں کوئی کارروائی کی تو فوج پر چین اینڈ کمانڈ سسٹم لاگو نہیں ہو گا اور چوکی میں موجود سینئر افسر فوری کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔ پاک فوج کے سربراہ  نے کہا کہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے اب کسی اجازت کی ضرورت نہیں۔ جوانوں کو ہتھیار اور وسائل فراہم کرنا ان کا فرض ہے جو وہ پورا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر پاک فوج کی ازسرنو تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ 
ذرائع نے بتایا ہے کہ مہمند ایجنسی میں نیٹو کے حملے سے چوکی کا مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے پاک فضائیہ کارروائی نہیں کر سکی اور نیٹو کے ہیلی کاپٹر بچ کر نکل گئے۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں جارحیت کرنے والے بچ نہ سکیں۔ پچھلے چند ماہ کے دوران نیٹو کے ہیلی کاپٹروں کی طرف سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر شیلنگ کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ مہمند ایجنسی میں 26 نومبر کی صبح نیٹو کے ہیلی کاپٹر کی شیلنگ سے پاک فوج کے دو افسروں سمیت 26 جوانوں کی شہادت کے بعد پاک فوج کو جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا حکم دے دیا گیا ہے.
آزاد کشمیر رجمنٹ کے بارے میں چیف آف آرمی اسٹاف کا تحریر کردہ ایک مراسلہ افسروں اور جوانوں کو پڑھ کرسنایا گیا۔ جنرل کیانی نے کہا کہ پاک فوج جارحیت کے خلاف آخری دم تک لڑے گی۔ جوانوں کی قابلیت پر کوئی شک نہیں۔ مہمند ایجنسی میں نیٹو اور ایساف کی کھلی جارحیت قبول نہیں۔ آئندہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم یاد رکھے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دوبارہ کہا کہ اب جوابی کارروائی کے لیے کسی ہدایت کا انتظار نہیں کیا جائے گا اور دستیاب ہتھیاروں سے ہر ممکن جواب دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 119059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش