0
Tuesday 6 Dec 2011 03:03

حضرت امام حسین ع کی ذات عالم انسانیت کی رہنمائی کا کامل و اکمل نمونہ ہے، علامہ عبدالجلیل نقوی

حضرت امام حسین ع کی ذات عالم انسانیت کی رہنمائی کا کامل و اکمل نمونہ ہے، علامہ عبدالجلیل نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید عبدالجلیل نقوی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول ص سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام نے ریگزار کربلا میں اپنی اولاد، خاندان، آل و اصحاب اور انصار کے ساتھ خدا تعالٰی کی ذات کے سامنے قربانی کا نذرانہ پیش کر کے ایسی لازوال مثال قائم کی، جس کی نظیر کائنات میں نہیں ملتی۔ یہی وجہ ہے کہ چودہ سوسال سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود کربلا کی یاد آج بھی تازہ ہے اور دنیا کا ہر مسلمان بلکہ ہر انسان فخر و مباہات کے ساتھ امام عالی مقام کے ساتھ قلبی وابستگی رکھتا ہے۔
 
دس محرم الحرام یوم شہادت حضرت امام حسین ع و شہدائے کربلا کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ سید عبدالجلیل نقوی نے مزید کہا کہ امام عالی مقام ع کی ذات امت مسلمہ میں وحدت و یکجہتی کی علامت ہے، کیونکہ کوئی بھی انصاف پسند اور حق شناس مسلمان امام حسین ع سے محبت کئے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔ اس لئے ہمیں نواسہ رسول ص کو اپنا رہبر و رہنما سمجھتے ہوئے باہمی اتحاد و وحدت کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اور سچے حسینی ہونے کا عملی ثبوت فراہم کرنا چاہیے۔
 
علامہ سید عبدالجلیل نقوی نے کہا کہ جو لوگ امام حسین ع اور شہدائے کربلا جیسے پاکیزہ نفوس کی یاد منانے اور عزاداری برپا کرنے میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں اور یاد حسین ع کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں یا دہشتگردی، خودکش حملوں اور بم دھماکوں کے ذریعے حسینیوں کا قتل عام کرنے کا ارادہ بناتے اور اسے عملی جامہ پہناتے ہیں، ان کا حسین ع اور حسینیت سے کوئی سروکار نہیں بلکہ وہ یزیدیت کی ترجمانی کرتے ہوئے اسلام کا روشن چہرہ مسخ کر کے پاکستان اور امت مسلمہ کو بدنام کرنے کا فعل قبیح انجام دے رہے ہیں۔ ایسے عناصر کو امت مسلمہ کی صفوں سے نکال دیا جانا چاہیے۔
 
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر نے پاکستان کے شیعہ سنی عوام پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے پہلے عشرے کے علاوہ دیگر ایام عزاء میں بھی ایسے اسلام اور حسینیت دشمن عناصر کی سازشوں اور مکاریوں سے ہوشیار رہتے ہوئے ان کی تخریب کاریوں اور دہشتگردیوں کی طرف متوجہ رہیں۔ باہمی اتحاد و اخوت اور رواداری کو قائم رکھتے ہوئے مراسم عزاء پورے جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و ولولے کے ساتھ انجام دیں۔ تاکہ پاکستان سے فرقہ پرستی، انتہا پسندی اور دہشتگردی کا ناسور ختم کیا جا سکے اور روز عاشور امام حسین ع کی طرف سے دیا جانا والا آفاقی پیغام اپنی روح کے ساتھ نافذ و رائج ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 119857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش