0
Saturday 31 Dec 2011 00:02

حکومت بلوچستان عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے، علامہ رمضان توقیر

حکومت بلوچستان عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ رمضان توقیر نے کوئٹہ بم دھماکہ کو ملک دشمن عناصر کی ایک مزموم ترین کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے، اپنے ایک مذمتی بیان میں سانحہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت بلوچستان میں بڑے دہشتگردوں پر ہاتھ نہیں ڈالتی اس وقت تک پائیدار امن کا قیام مشکل ہے، دہشتگرد آئے روز بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے معصوم لوگوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ریاست خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک سانحہ مستونگ اور سانحہ اختر آباد کے ذمہ دار بھی گرفتار نہیں ہو سکے، جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بلوچستان میں درجنوں وزراء کی فوج قومی خزانے پر صرف بوجھ ہے جبکہ ان کی کارکردگی عوام کے سامنے عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارے ملک کا اہم صوبہ ہے اگر وہاں امن نہیں ہو گا تو اس کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہونگے، ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاقی حکومت بلوچ بھائیوں کے زخموں پر مرہم رکھے اور صوبے میں قیام امن کیلئے عملی اقدامات کرے، اس حوالے سے تمام دینی اور سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلوچستان میں ہونے والے دیگر سانحات کے ذمہ داروں کی گرفتاری سمیت سانحہ مستونگ اور اختر آباد میں ملوث عناصر کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لائے، علامہ رمضان توقیر نے کوئٹہ دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدری اور زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 126350
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش