0
Saturday 18 Feb 2012 13:46

عوامی مطالبات پورا ہونے تک سعودی عرب میں مظاہرے جاری رہیں گے، ممتاز شیعہ رہنما کی حکومت کو وارننگ

عوامی مطالبات پورا ہونے تک سعودی عرب میں مظاہرے جاری رہیں گے، ممتاز شیعہ رہنما کی حکومت کو وارننگ
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے شیعہ نشین شہر العوامیہ کے امام جمعہ اور ممتاز شیعہ رہنما علامہ شیخ عبدالکریم الجبیل نے تاکید کی ہے کہ حکومت عوامی مطالبات پر توجہ دے، انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی مطالبات پورا ہونے تک مظاہرے اور احتجاج جاری رہے گا اور ان مظاہروں میں شہید ہونے والے جوانوں کے خون کے ذمہ دار حکومتی اہلکار ہیں۔
علامہ عبدالکریم الجبیل نے خطبہ جمعہ کے دوران سعودی عرب کے مشرقی حصے میں عوامی احتجاجی تحریک "الحراک المطلبی" کے شروع ہوئے ایک سال مکمل ہو جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے عوام بدستور ظلم و ستم اور آمریت کے خاتمے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
امام جمعہ العوامیہ نے سعودی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ملک کے مشرقی حصوں میں فوجی آپریشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود کے ظلم و ستم نے ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور سعودی عرب کے مشرقی حصے کئی برابر ظلم کا شکار ہیں۔
علامہ شیخ الجبیل نے تاکید کی کہ مشرقی سعودی عرب کے عوام ہر گز اپنے جائز مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور انکا پورا ہونے تک اپنے احتجاج کو جاری رکھیں گے اور اس راستے میں کوئی چیز انکے عزم اور ارادے کو کمزور نہیں کر سکتی۔
امام جمعہ العوامیہ نے کہا کہ سعودی عوام ایسے بنیادی ترین حقوق سے محروم ہیں جن سے دوسری اقوام بہرہ مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کی پارلیمنٹ کہاں ہے؟ اور قانون کہاں ہے؟ اور قوم کے کن افراد نے انہیں ووٹ دے کر انتخاب کیا ہے؟ آیا یہ حقیقت نہیں کہ اس وقت تمام وزارتیں اور اہم حکومتی مناصب خاندان آل سعود کے قبضے میں ہیں؟
ممتاز شیعہ عالم دین علامہ عبدالکریم الجبیل نے مشرقی سعودی عرب میں پرامن مظاہرین پر حکومتی کارندوں کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال اور اسکے نتیجے میں دسیوں افراد کے شہید اور زخمی ہو جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یقینا فرزندان ملت کا خون بہانے کی ذمہ داری سعودی حکام پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے بحرین میں آل خلیفہ رژیم کی جانب سے عوام کے خلاف وحشیانہ رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے سوال کیا کہ آل خلیفہ حکومت کو گذشتہ ایک سال سے عوام کے ساتھ اس وحشیانہ سلوک کا کیا فائدہ پہنچا ہے جو اس نے اپنی اس پالیسی کو ابھی تک جاری رکھا ہوا ہے؟
علامہ شیخ عبدالکریم الجبیل نے عرب حکومتوں کی جانب سے آل خلیفہ رژیم کی مجرمانہ حمایت اور بحرینی حکومت کے مجرمانہ اقدامات پر بین الاقوامی برادری کی پراسرار خاموشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے انقلابی عوام ہمیشہ کی طرح ثابت قدم اور استوار ہیں اور اپنے مطالبات کے پورا ہونے تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 138690
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش