0
Saturday 3 Mar 2012 19:23

اب دین بیزار عناصر اور امریکی ایجنٹ انقلاب نظام مصطفی کا راستہ نہیں روک سکتے،صاحبزادہ فضل کریم

اب دین بیزار عناصر اور امریکی ایجنٹ انقلاب نظام مصطفی کا راستہ نہیں روک سکتے،صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے تھنک ٹینک کے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ سینٹ کے الیکشن میں نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست کا بدترین مظاہرہ ہوا، کسی جماعت نے اپنے کسی غریب کارکن کو سینیٹر نہیں بنوایا، چار سال میں ملکی قرضہ دوگنا اور قومی ادارے تباہ ہو گئے ہیں، پاکستانی عوام کی آخری امید انقلاب نظام مصطفی ہے، اب دین بیزار عناصر اور امریکی ایجنٹ انقلاب نظام مصطفی کا راستہ نہیں روک سکتے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پانچ پانچ بار اقتدار میں آنے والے ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اسلامی ممالک اپنی پراکسی وار پاکستان میں لڑ رہے ہیں جس سے فرقہ وارانہ دہشت گردی پھیل رہی ہے،اسلامی ممالک اپنی لڑائی کے لیے پاکستان کو میدان نہ بنائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بندوق اٹھانے والے ملک کو کمزور اور بھارت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور مہذب دنیا ایران پر ممکنہ امریکی حملہ رکوانے کے لیے امریکہ پر دباؤ ڈالے کیونکہ دنیا کو جنگوں کی نہیں امن کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک امریکہ کے سامراجی عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہو جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کو مذہبی، لسانی، قومیتی اور علاقائی طور پر تقسیم کر کے امریکی نیو ورلڈ آرڈر پر عمل کرنا چاہتی ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک کے اہم اداروں میں موجود کالی بھیڑیں امریکی مفادات کے لیے کام کر رہی ہیں اور امریکی ایجنٹ ملکی سلامتی اور عسکری اداروں کے خلاف گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 142607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش