0
Saturday 3 Mar 2012 21:41

ایران کیساتھ تعلقات پر کوئی دبائو قبول نہیں کرینگے، وزیراعظم

ایران کیساتھ تعلقات پر کوئی دبائو قبول نہیں کرینگے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے، دنیا کی طرح ایران کے ساتھ بھی باہمی تعلقات قائم ہیں، ان تعلقات پر کوئی دبائو قبول نہیں کرینگے، امریکہ کے ساتھ تعلقات میں اونچ نیچ لگی رہتی ہے لیکن کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے، تمام کام ملکی مفادات کے عین مطابق کئے جائیں گے، پاکستان کا وزیر اعظم اس وقت مضبوط ترین وزیر اعظم ہے جو اندر جائے گا اور نہ ہی باہر۔ سرائیکی صوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کا مطالبہ ہے، ترمیم لا کر رہیں گے، یہ بات انہوں نے ائیر یونیورسٹی ملتان کیمپس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، وزیر اعظم نے کہا کہ اب نہ کیرٹیکر حکومت ہو گی نہ چیئر ٹیکر، نہ وزیر اعظم اوپر جائے گا اور نہ ہی نیچے آئیگا، وزیر اعظم اندر جائے گا اور نہ ہی باہر جائیگا، ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ پہلے سینٹ کے انتخابات ہوں گے اور پھر بجٹ ہوگا، پٹرولیم قیمتیں بین الاقوامی سطح پر بڑھنے کی وجہ سے یہاں بھی بڑھیں۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم منتخب لوگ ہیں، قوم کی ترجمانی کرتے ہیں، سرائیکی صوبہ میرا مطالبہ نہیں بلکہ عوام کا مطالبہ ہے اس کے خلاف بہت سی سازشیں ہو رہی ہیں، کوئی کہتا ہے بہاولپور، کوئی کہتا ہے تھل صوبہ بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبے کا ایشو اہم ہے اور بہاولپور بھی سرائیکی صوبے کا حصہ ہے، قبل ازیں وزیر اعظم نے ائیر یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ائیر چیف مارشل رائو قمر سلیمان کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے میرے ویژن کو آگے بڑھایا اور تھوڑے ہی عرصہ میں ملتان میں ائیر یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنا ہوگا، ہمیں شرح خواندگی کو بڑھانا ہوگا، 18 ویں ترمیم کے تحت ایجوکیشن ایک صوبائی مسئلہ ہے مگر پھر بھی وفاق ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت یہاں کمپیوٹر پروگرام کررہی ہے، تمام صوبوں کو اربوں روپے دے دیئے ہیں تا کہ طلباء کمپیوٹر کی جدید سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں، ہر یونین کونسل میں انفارمیشن سنٹر بنایا جائیگا اس سے لوگوں کو روز گار فراہم ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم میڈیا پر پابندیاں نہیں لگائیں گے اور اسے مزید آزاد کریں گے، ہم نے جمہوریت کے لئے انفارمیشن کا قانون بنایا ہے اور اس سے میڈیا فائدہ اٹھا رہا ہے، ہم ارتقاء کے دور سے گزر رہے ہیں، تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ، عدلیہ، میڈیا کو مضبوط اور آزاد دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ تمام ادارے اپنا کام آئین کے اندر رہتے ہوئے کریں، وزیر اعظم نے کہا کہ میں پانچ سال جیل میں رہا آج اس ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے ہم نے کسی سے انتقام نہیں لیا، انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور 73ء کے آئین کو اپنی اصل حالت میں لائے، سینٹ کے انتخابات پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں اور ملک کی تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہو گی جو اپنا پانچواں بجٹ پیش کرے گی، تقریب سے ائیر چیف رائو قمر سلیمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انفارمیشن کے جدید دور سے گزررہے ہیں، ہائیر ایجوکیشن ہماری ترقی کی سیڑھی ہے اور ہم جدید تعلیم حاصل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 142631
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش