0
Tuesday 6 Mar 2012 16:27

عوامی بیداری کی لہریں امریکہ کی شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے، قاضی حسین احمد

عوامی بیداری کی لہریں امریکہ کی شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ظلم کے نظام کو ختم کرنے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے ووٹ کی شکل میں ایک موقع عوام کے پاس آتا ہے جس کا صحیح استعمال ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ پاکستان کے 65 سال بتا رہے ہیں کہ حکمرانوں نے لوٹ مار، کرپشن اور امریکی غلامی کے سوا کچھ نہیں دیا، عوام آج بھی قرآن و سنت پر مبنی اُس نظام کے متلاشی ہیں جس کے لئے ملک حاصل کیا گیا۔ اس بات کا اظہار سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے جماعت اسلامی نارتھ ناظم آباد کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی غلامی کا نتیجہ ہے کہ ایک جانب ڈرون حملوں کی بارش ہے تو دوسری جانب مہنگائی کے مارے غریب عوام اپنے بچوں اور جسمانی اعضاء تک کو فروخت کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ پاکستان کسی خطہ زمین کا نام نہیں، یہ ایک نظریے اور عقیدہ کا نام ہے، عوام جب تک اس ملک کی قیادت مخلص اور دیانت دار لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں دیں گے ظلم کا یہ نظام ختم نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امر یکہ نے افغانستان میں جان بوجھ کر قرآن کی بے حرمتی اور توہین کی ہے جس پر پوری امت کو احتجاج بلند کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک سمیت دنیا میں نصف صدی سے قائم جبر کی حکومتیں ختم ہونے کو ہیں اور عوامی بیداری کی لہریں اٹھ رہی ہیں جو امریکہ اور اُس کے نظام کی شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر نائب امیر صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے تین نشان اللہ، محمد اور قرآن کے نعرے کو جب تک ہم عملی زندگی میں لانے کی کوشش نہیں کریں گے تب تک مصائب ہمیں گھیرے رہیں گے۔ مغربی ممالک کی جانب سے قرآن و نبی ﷺ کی توہین کے واقعات کا تسلسل اور افغانستان میں تاحال ناٹو افواج کو سزا نہ دینا کسی خاص رنگ و نسل سے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ سے اپنی نفرت و دشمنی کا ثبوت ہے۔ امت مسلمہ کو اپنے حقیقی دشمن کو پہچاننا ہوگا اور اُس کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات کو بدلنے کے لئے دیانت دار اور مخلص قیادت درکار ہے، جماعت اسلامی موروثی سیاست سے پاک ملک کی واحد جماعت ہے جس پر کوئی کرپشن و بد دیانتی کا داغ نہیں جو شخصیت کے بجائے قرآن و سنت کی جانب لوگوں کو بلاتی ہے۔

سرپرست کراچی امن جرگہ اسحٰق خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و اخوت والے شہر کراچی کو لسانیت کی بھینٹ چڑھا کر دہشت گردی، لاشوں اور ٹارگٹ کلنگ کی علامت بنا دیا گیا ہے۔ خوف و دہشت بھرے ماحول کو امن، بھائی چارے اور محبت سے بدلنا ہوگا، باہمی نفرتوں کو ختم کرکے ایک کلمے والے پرچم تلے جمع ہونے میں ہی عافیت و سکون ہے جس کا وعدہ خالق کائنات نے بھی کیا ہے۔ سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے امریکی غلام کچھ نہیں کرسکتے، اس کے لئے نڈر، بے باک و دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے جس کے دامن پر کوئی کرپشن کا داغ نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 143414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش