0
Sunday 11 Mar 2012 12:05

پشاور، جنازے کے دوران خودکش دھماکہ 15 افراد جاں بحق، 40 زخمی

پشاور، جنازے کے دوران خودکش دھماکہ 15 افراد جاں بحق، 40 زخمی
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں نماز جنازہ کے دوران خودکش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بڈھ بیر کے علاقے ماما خیل میں سیفن چوکی کے قریب ایک خاتون کا جنازہ پڑھایا جا رہا تھا کہ اس دوران خودکش حملہ آور نے جنازہ گاہ میں گھس کر خود کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے ہیں، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں 7 کی حالت انتہائی نازک ہے،  واقعہ کے بعد پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

دیگر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بیٹے کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون کی نماز جنازہ ماما خیل میں سیفن چوکی کے قریب پرانا مقبرہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کے دس سے پندرہ منٹ بعد اچانک زور دار دھماکا ہوا۔ ایس ایچ او بڈھ بیر عابد کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی خوشدل خان بھی جنازے میں شریک تھے۔ دھماکا خوشدل خان کے جانے کے بعد ہوا۔ زخمی ہونے والے افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ 

لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ پر دھماکے سے تباہ ہونے والی موٹر سائیکل کے پرزہ جات پڑے ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم سے کیا گیا۔ تاہم پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ خودکش تھا، واضح رہے کہ بڈھ بیر کے رہائشیوں کی ایک بڑی تعداد شدت پسندوں کیخلاف تشکیل دیئے گئے امن لشکروں کا حصہ رہی ہے جس کی وجہ سے طالبان ان لوگوں کو ماضی میں بھی متعدد مرتبہ دھماکوں کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 144655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش