0
Sunday 25 Mar 2012 18:58

قوم کو ڈالروں کے بدلے امریکی غلامی قبول نہیں، صاحبزادہ فضل کریم

قوم کو ڈالروں کے بدلے امریکی غلامی قبول نہیں، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی غلامی کی دستاویز پر دستخط کرنے کے مترادف ہو گی، پارلیمنٹ نیٹو سپلائی کی بحالی کی حمایت کر کے عوامی امنگوں کا قتل نہ کرے، قوم کو ڈالروں کے بدلے امریکی غلامی قبول نہیں، ایک جاگیرزادے کی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی قوم کی بیٹی فاخرہ کی موت کا چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں اور بلال کھر کو عبرت کا نشان بنائیں تاکہ آئندہ کسی وڈیرے کو کسی بے بس عورت پر ظلم کرنے کی جرأت نہ ہو، بعض سیاسی جماعتوں کی سرکاری خزانے سے چلائی جانے والی انتخابی مہم قوم کے لیے عذابی مہم بن چکی ہے، لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی شاہانہ تقریبات پر خرچ ہونے والی رقم سے صوبے کے تمام سکولوں کی حالت ٹھیک کی جا سکتی ہے۔


صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو سیاست بازی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بے لگام لوڈشیڈنگ پر قابو نہ پایا گیا تو ملک خانہ جنگی کا شکار ہو سکتا ہے کیونکہ بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی مفلوج کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار اقتدار میں آنے والوں کا بھیانک کھیل ختم ہونے والا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومتی ایوان عوام کی قربان گاہوں میں تبدیل ہو چکے ہیں اور مفاد پرست سیاست کاروں نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی امریکی پالیسیوں کی پیداوار ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ معافی نامے بلوچوں کی محرومیوں کا مداوا نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران عرب حکمرانوں کے انجام سے سبق سیکھیں اور اپنی عیاشیاں کم کر کے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں، ایسا نہ ہوا تو پاکستان کا ہر چوک تحریر چوک بن جائے گا اور مفلوک الحال مسائل زدہ لوگ حکمرانوں اور لیڈروں کو گلیوں میں گھسیٹیں گے۔ اجلاس میں پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، پیر طارق ولی چشتی، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، محمد نواز کھرل، مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، پیر میاں غلام مصطفی، شیخ اظہر سہیل، پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ 
خبر کا کوڈ : 148094
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش