0
Wednesday 4 Apr 2012 15:27

علی گیلانی کی غلام نبی کی سزاء کیخلاف7 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل

علی گیلانی کی غلام نبی کی سزاء کیخلاف7 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ حریت کانفرنس (گ) نے امریکہ میں ڈاکٹر غلام نبی فائی کی 2 سالہ سزائے قید کیخلاف 7 اپریل کو کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے، سید علی شاہ گیلانی نے مسئلہ کشمیر کو امن عالم کیلئے ایک مستقل خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہند و پاک کے ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہونے کے باعث تنازعہ کشمیر اور زیادہ حساس اور سنگین بن گیا ہے، حریت کانفرنس (گ) نے کشمیر امریکن کونسل کے سربراہ ڈاکٹر غلام نبی فائی کو امریکی عدالت کی طرف سے دو سال سزائے قید سنائے جانے کے فیصلے کو افسوسناک اور رنجیدہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف 7 اپریل کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے، حریت کانفرنس (گ) نے کہا کہ ڈاکٹر فائی مظلوم کشمیری عوام کے بیرون دنیا ایک بے باک سفیر ہیں اور بھارت نے اپنی شاطرانہ سفارتکاری کے ذریعے سے امریکہ میں ان کے خلاف ایک محاذ کھڑا کردیا تھا، جس کی کوششوں کے نتیجے میں یہ انتہائی اقدام اٹھایا گیا ہے۔
   
حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس چئیرمین سید علی شاہ گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں جملہ اکائیوں کے سربراہوں یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی، مجلس شوریٰ نے ٹرانسپورٹرز، ٹریڈرز اور ملازم انجمنوں سمیت تمام طبقات سے پُر زور اپیل کی ہے کہ وہ 7 اپریل کی ہڑتال کا کامیاب بناکر اپنی قومی حس کا مظاہرہ کریں اور ڈاکٹر فائی کو پیغام پہنچائیں کہ اس لڑائی میں وہ اکیلے نہیں ہیں، بلکہ پوری کشمیری قوم اُن کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، اجلاس میں ڈاکٹر فائی کو سزاء سُنائے جانے کے معاملے کے تمام پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور محسوس کیا گیا کہ عدالتی فیصلہ قانونی سے زیادہ سیاسی نوعیت کا ہے اور اس کے نتیجے میں شخصی آزادی اور انسانی حقوق کے احترام سے متعلق اُس تصور کو نقصان پہنچا ہے، جس کا عمومی طور پر امریکی معاشرے کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے۔
 
اسلام ٹائمز کو موصولہ بیان کے مطابق غلام نبی فائی امریکہ میں رہ کر کوئی زیرِ زمین کام نہیں کرتے ہیں، بلکہ وہ مظلوم کشمیری قوم کے ترجمان کی حیثیت سے عالمی برادری کی توجہ کشمیر جیسے انسانی مسئلہ کی طرف مبذول کرانے کے مشن پر ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ پچھلے 64 سال سے غیر یقینی سیاسی صورتحال میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مجلس شوریٰ نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی اسٹیٹس کا ایک اشو ہے اور اس کے التواء میں رہنے سے نہ صرف جموں و کشمیر میں انسانی زندگیوں کا اتلاف ہورہا ہے، بلکہ پورے جنوب ایشیائی خطے کا امن اور استحکام خطرے میں پڑا ہوا ہے۔
 
ڈاکٹر فائی امریکہ کی سرزمین پر رہ کر اس تنازعہ کے حتمی حل کیلئے پُرامن کوششوں میں مصروف ہیں اور اُن کا یہ کام کسی بھی طور پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتا ہے، حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ نے بھارتی حکومت پر کڑی تنقید کی کہ وہ ایک مدّت سے سفارتی سطح پر فائی کے خلاف سازشوں میں مصروف تھی اور اُس نے امریکہ میں لابنگ کرکے اُن کے خلاف ایک محاذ قائم کردیا تھا، ڈاکٹر فائی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مجلس شوریٰ میں کہا گیا کہ موصوف نے کبھی بھی کسی قسم کے دباو یا دھونس کو قبول نہیں کیا، مجلس شوریٰ نے ڈاکٹر فائی کی بے حد تعریف کی کہ سزا سُنائے جانے کے بعد بھی انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 150165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش