0
Sunday 29 Apr 2012 20:15

خیرپور میں کالعدم تنظیم کی جانب سے لبیک یاحسین ع کانفرنس رکوانے کی کوشش قابل مذمت ہے، علامہ ناصر عباس

خیرپور میں کالعدم تنظیم کی جانب سے لبیک یاحسین ع کانفرنس رکوانے کی کوشش قابل مذمت ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ سرزمین لاہور پر ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے منعقد کی جانے والی قرآن و سنت کانفرنس، فرقہ واریت، دہشتگردی اور ملکی معاملات میں امریکی مداخلت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گی۔ مینار پاکستان کے سائے میں ہونے والے اس تاریخی اجتماع میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سیاسی روڈ میپ کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے عوامی بیداری کا آغاز 25 مارچ کو نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان قران و اہلبیت ع کانفرنس کا انعقاد کر کے کیا تھا اور یہ سلسلہ مختلف اضلاع میں اب تک جاری و ساری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا نقطہ عروج یکم جولائی کو مینار پاکستان پر ہونے والی عظیم الشان قرآن و سنت کانفرنس ہو گی۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت ایک ایسے غیر جانبدار کمیشن کی تشکیل کرے جو مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی تقسیم کی نئی تشریحات مرتب کرے، تاکہ ملک میں جاری آئینی بحران کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ توانائی بحران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بحران ملک کی نازک اقتصادی صورتحال کے لیے زہر قاتل ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ نئے توانائی کے منصوبوں کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں کی مشترکہ کانفرنس بلائے۔ 

علامہ ناصر عباس جعفری نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ سے متعلق پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے ٹینڈر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ اگر عوامی خواہشات کو مدنظر رکھا جائے تو بڑی سے بڑی طاقت کے دباؤ کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم امریکی دباؤ کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے مسترد کرتی ہے اور آئندہ کسی بھی امریکی عہدیدار کی جانب سے ایسے بیان پر پاکستان میں امریکی سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کرتی ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں امریکی قونصلیٹ کا قیام دہشتگردی کے اڈے قائم کرنے کے مترادف ہے، اگر اس کی اجازت دی گئی تو بلوچستان بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ دہشتگردی اور فرقہ واریت کے حوالے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر کالعدم تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جو ملک وقوم کے خلاف ایک سنگین سازش ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کسی کو بھی ملکی سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو متنبہ کیا کہ وہ ریاست میں اپنا آئینی کردار ادا کریں۔ 

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کو دوست ملک چین سے ملانے کا واحد زمینی راستہ ہے اس علاقہ کے محب وطن عوام کارگل، دراس، سیاچن اور کے ٹو کے محاذوں پر پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں اور پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کر رہے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کی اس فطری دفاداری کی سزا کے طور پر کوہستان اور چلاس میں بدترین حملے کیے گئے، جس میں سینکڑوں امن پسند شہریوں کی المناک شہادت کا سانحہ رونما ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے ایفائے عہد اور دہشتگردوں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے خیرپور سندھ میں شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام منعقد کی گئی لبیک یاحسین ع کانفرنس کو کالعدم تنظیم اور پولیس کی جانب سے رکوانے کی کوشش کی مذمت کی، اُن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کالعدم تنظیم کی حرکتوں کو نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی سندھ کی جانب سے اس واقعہ پر چشم پوشی سمجھ سے بالاتر ہے۔
خبر کا کوڈ : 157526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش