0
Tuesday 1 May 2012 23:05

امریکہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنیوالے ملعون پادری کو سزائے موت دی جائے، جمعیت نظریاتی

امریکہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنیوالے ملعون پادری کو سزائے موت دی جائے، جمعیت نظریاتی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ فلوریڈا میں ملعون امریکی پادری کے بار بار قرآن مجید فرقان حمید کے نسخے جلانے کا ناپاک عمل مسلمانوں کی دل آزاری، ان کے زخموں پر نمک پاشی اور اشتعال دلانے کے مترادف ہے، گستاخ ملعون پادری کو گرفتار کرکے سر عام پھانسی دی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی امیر مولانا عصمت اللہ، مرکزی نائب امیر حافظ فضل محمد بڑیچ، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالقادر لونی، صوبائی امیر مولانا محمد حنیف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سید عبدالستار چشتی اور دیگر رہنمائوں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو مذہبی رواداری کا سبق دینے اور دنیا کی مہذب قوم کہلانے کے دعویدار امریکہ ہی میں مسلمانوں کے جذبات و احساسات کو مجروح کرنے کی بار بار کوشش کرنے والے پادری کے خلاف کارروائی نہ کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ امریکہ اس جرم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے یہ ناپاک عمل ناقابل برداشت ہے، مسلمان کلام اللہ اور شعائر اللہ کی بےحرمتی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء ع میں سے کسی کی بھی بے حرمتی کو کفر سمجھتے ہیں، علاوہ ازیں جمعیت کے رہنماوں نے کہا جمیعت نظریاتی وقت کے جابروں، ظالموں سے ڈرنے والی نہیں، ظالم و جابر کے سامنے حق بات کرنا در حقیقت جہاد ہے۔ 

دریں اثناء بعض قبائلی شخصیات کی سربراہی میں سیاسی و سماجی افراد نے جمعیت علماء اسلام نظریاتی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جمعیت کے رہنماوں نے کہا کہ جمعیت نظریاتی پاکستان میں عملاً اسلامی نظام کو نافذ کرنے اور منتشر اسلامی طاقتوں کو یکجا کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کفری طاغوتی کی یلغار کو روکنے اور ناکام بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کو سیاسی جماعتوں اور حکمرانوں نے کاروبار بنالیا ہے۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کو ہزاروں شہداء کے خون سے غداری اور شہداء کے وارثین کے زخموں پر نمک پاشی تصور کرتے ہیں، اس کے خلاف ہر فورم پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائےگا۔
خبر کا کوڈ : 158165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش