0
Thursday 3 May 2012 23:51

وفاق کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کا بھی ہفتہ میں دو چھٹیوں کا اعلان

وفاق کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کا بھی ہفتہ میں دو چھٹیوں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے صوبے کے سرکاری دفاتر میں ہفتے میں’’دو چھٹیوں‘‘ کا اعلان کر تے ہوئے نئے دفتری اوقات برقرار ر کھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سوموار تا جمعرات دفاتر صبح آٹھ بجے لگیں گے اور چھٹی تین بجے ہوگی، جبکہ جمعتہ المبارک کو چھٹی بارہ بجے ہوگی، بازار رات آٹھ بجے کی بجائے ساڑھے آٹھ بجے بند ہوں گے، اور یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ خیبر پختونخوا کابینہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم نے آئین کے تحت جو بھی اقدامات کئے ہیں صوبائی کابینہ ان کی تائید اور حمایت کرتے ہوئے وزیر اعظم کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، کابینہ نے سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے اور پولیس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے وزیر اعلیٰ کو ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کا اختیار دیدیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سکیورٹی کے ضروری معاملات سے نمٹنے کیلئے جو بھی فنڈ ضروری ہوئے انہیں ترقیاتی اخراجات کی مد سے پورا کیا جائے گا۔
 
صوبائی کابینہ نے 1995ء اور 1998ء میں برطرف ہونے والے سرکاری ملازمین کی بحالی کا اختیار بھی وزیر اعلیٰ کو دیدیا، کابینہ نے وفاقی حکومت سے فرنٹیر کانسٹیبلری کی دو سو چورانوے میں سے ایک سو اسی پلاٹون صوبے کو واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے معاملہ وفاقی حکومت کیساتھ اٹھانے کی درخواست کی، کابینہ نے پشاور میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور بے ہنگم ٹریفک پر قابو پانے کیلئے پنجاب کی طرز پر ٹریفک انجینئرنگ اتھارٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ تمام فیصلےخیبر پختونخوا کابینہ کے چھیالیسویں اجلاس  میں کئیے گئے جو وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
 
اجلاس میں سیاچن کے گیاری سیکٹر میں ہونیوالے المناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اور صوبے میں دہشت گردی کے باعث شہید ہونے والے اہلکاروں اور عام لوگوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان میاں افتخار حسین نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ریاستی اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہونا چاہئے۔ آئین میں ہر ریاستی ادارے کا کردار واضح ہے اور ہر ادارہ اگر طے شدہ اصولوں کے مطابق کام کرے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ 

صوبائی کابینہ نے واضح کیا کہ آئین کے تحت وزیر اعظم نے جو بھی اقدامات کئے ہیں کابینہ انکی تائید کرتی ہے۔ صوبائی کابینہ نے نو اپریل کو لاہور میں منعقدہ توانائی کانفرنس کے موقع پر توانائی کی بچت کیلئے سرکاری دفاتر میں ہفتہ وار دو چھٹیاں کرنے سے متعلق وزیراعظم پاکستان کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے صوبے کے سرکاری دفاترمیں ہفتہ میں پانچ دن کام اور دو دن چھٹی کرنے کافیصلہ کیا، یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 158732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش