0
Thursday 17 May 2012 01:06

پاکستان کی سالمیت کیخلاف کسی فیصلے کو قبول نہیں کرینگے، مولانا اقتدار نقوی

پاکستان کی سالمیت کیخلاف کسی  فیصلے کو قبول نہیں کرینگے، مولانا اقتدار نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل مولانا اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان پر پابندیوں کا دبائو ڈال کر نیٹو سپلائی لائن بحال کی جا رہی ہے، جو کہ پاکستان پر لگائی جانیوالی پابندیوں سے زیادہ نقصان دہ ہے، پاکستان کے تمام ادارے امریکی ڈکٹیشن پر چل رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ قوم اُن غداروں اور سیاستدانوں کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کرے اور آئندہ الیکشن میں اُن کے چہرے بے نقاب کر دے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے 27مئی کو ہونے والی قرآن و اہلبیت ع کانفرنس کی رابطہ مہم کے سلسلے میں سوتری وٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اُنہوں نے کہا کہ ملتان میں ہونے والی اس کانفرنس میں جہاں مرد حضرات شرکت کریں گے وہیں پر خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوگی، اُنہوں نے کہا کہ مسلمین وحدت مسلمین پاکستان میں اسلامی و اصلاحی افکار کی ترویج چاہتی ہے، پاکستان میں جہاں ہر طرف جلائو گھیرائو کی سیاست ہو رہی ہے کوئی سیاست دان پاکستان میں اخلاص کی بنیاد پر کام نہیں رہا سب اپنے مفادات اور بینک بیلنس کی خاطر ملک کو اندھیرے کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں ضروری ہے کہ کوئی ایسی مخلص قیادت پاکستان کو نصیب ہو جو پاکستان کو ان تمام مسائل سے نجات دلا سکے، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے، مجلس وحدت مسلمین اس حوالے سے مخلصین کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے اور عوام بھی اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا 27 مئی کو سپورٹس گرائونڈ ملتان میں ہونے والی عظیم الشان قرآن و اہلبیت ع کانفرنس کے حوالے سے ہم نے مقامی انتظامیہ (ڈی سی او،سی پی او) کو لیٹر جاری کیا ہے کہ وہ ہم سے ملاقات کریں لیکن ابھی تک اس حوالے سے انتظامیہ کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ 

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ملتان میں ہونے والی قرآن و اہلبیت ع کانفرنس کراچی، جھنگ اور فیصل آباد میں ہونے والی کانفرنسز کا تسلسل اور یکم جولائی کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے قرآن سنت کانفرنس کے لیے زمینہ سازی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قرآن و اہلبیت ع کانفرنس میں تمام تنظیموں، جماعتوں اور رہنمائوں کو شرکت کی دعوت دی جارہی ہے، اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے استحکام اور امریکہ سے نجات حاصل کرنے کے لیے وحدت کی دعوت دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 162631
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش