0
Wednesday 30 May 2012 21:04

اساتذہ کے مطالبات، کوئٹہ شہر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال

اساتذہ کے مطالبات، کوئٹہ شہر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال
اسلام ٹائمز۔ آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدر آمد نہ ہونے اور بھوک ہڑتال میں شامل اساتذہ کی حالت نازک ہونے کے خلاف مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی اپیل پر کوئٹہ میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر شہر میں تمام چھوٹے بڑے کاروبار بند رہے۔ اور ٹریفک بھی معمول سے کم رہی، کوئٹہ میں حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس، فرنٹئیر کور، اے ٹی ایف فورس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ ہڑتال کی حمایت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، جمعیت علماء اسلام نظریاتی، جماعت اسلامی، نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکرٹیک پارٹی، جے یو آئی س،جمہوری وطن پارٹی، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، مرکزی انجمن تاجران و دیگر نے کی تھی۔

آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مطالبات کے حق میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کیا گیا۔ جس میں تمام مذکورہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ مہذب معاشروں میں اساتذہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ مگر جمہوریت کے دعویداروں کے دور اقتدار میں اساتذہ پر جس طرح تشدد کیا گیا۔ وہ انتہائی قابل مذمت اور غیر جمہوری عمل ہے۔ جس کی کسی بھی مہذب معاشر ے میں اجازت نہیں ہے۔

مقررین نے کہا کہ اساتذہ کی خدمات کے باعث ملک کو تعلیم یافتہ افراد مسیر آئے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ مگر ناقص طرز حکومت اور غیرسنجیدہ رویوں کی وجہ سے آج یہاں اساتذہ جیسا قابل قدر طبقہ گزشتہ بیس دنوں سے سراپا احتجاج ہے اور تادم مرگ بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہے۔ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ بیس دن گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا آج جس طرح حکومت چلائی جارہی ہے اس کے باعث ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد سراپا احتجاج ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں غیر سنجیدگی کامظاہرہ کر رہی ہے۔ اساتذہ کی جانب سے حکومت کو پیش کئے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ میں جو مطالبات کئے گئے ہیں وہ اساتذہ کے جائز حقوق ہیں۔
خبر کا کوڈ : 166773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش