0
Saturday 2 Jun 2012 14:42

سیاسی جماعتوں نے وفاقی بجٹ کو حکمرانوں کا لالی پاپ قرار دے دیا

سیاسی جماعتوں نے وفاقی بجٹ کو حکمرانوں کا لالی پاپ قرار دے دیا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کردیا، سیاسی جماعتوں نے وفاقی بجٹ کو حکمرانوں کا لالی پاپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کی تقریر ” شیخ چلی “ کے خوابوں کے سوا کچھ نہیں، حکمرانوں نے بجٹ کی شکل میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے مرتے عوام کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے اپنے چار سال سے زائد دور میں تسلیوں اور وعدوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور اب بھی قوم سے جھوٹ بولا گیا ہے، اپنی عیاشیوں کیلئے کھربوں روپے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے صرف چند ارب روپے رکھنا حکمرانوں کی عوام دشمنی کا ثبوت ہے۔

وفاقی بجٹ 2012/13 پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے جہاں پانچواں بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے وہیں ملک میں مہنگائی، بیروزگاری کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کا آخری بجٹ جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔ جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے کہا کہ کسی بھی صورت بجٹ میں کئے جانے والے دعوے اور اعلانات پر عمل نہیں ہوسکے گا اور یہ بجٹ غریبوں کیلئے نہیں بلکہ حکمرانوں کیلئے ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمران جانتے ہیں کہ یہ ان کا آخری دور ہے اس لئے وہ ایسے اعلانات بھی کر گئے ہیں جن پر کبھی بھی عملدرآمد نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ، سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد آصف، مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان، سینیٹر پرویز رشید، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری اور دیگر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی لوٹ مار اقرباء پروری اور کرپشن نے جہاں ملک کو شدید بحرانوں سے دو چار کیا وہیں اب وفاقی بجٹ نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور وفاقی وزیر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بجٹ روایتی تھا، اس بجٹ کو غیر روایتی بنانے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بجٹ میں ایم کیو ایم کی تجاویز شامل کی جائیں گی۔ مسلم لیگ ق کا کہنا ہے کہ بجٹ سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے شیڈو بجٹ تجاویز پر عمل کیا جائے تو عوام کو ریلیف ملے گا، جاگیرداروں، وڈیروں کی آمدنی پر براہ راست ٹیکس لگایا جائے، تیل اور بجلی کی قیمت میں کمی اور پیداوار میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی حالت تباہی کے دہانے پر ہے۔
خبر کا کوڈ : 167629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش