0
Tuesday 5 Jun 2012 15:01

ایم کیو ایم کے منتخب نمائندے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

ایم کیو ایم کے منتخب نمائندے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں رنچھوڑ لائن اور لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقاتیں کرکے ان کے مسائل معلوم کئے۔ ڈاکٹر فاروق ستار راگو اسٹریٹ، لکھپتی چوک، نارائن پوراہ، گنگابائی کمپاؤنڈ، کھارادر پولیس چوکی، مچھی میانی روڈ، اللہ مہر چوک، ہاشمی مسجد عثمان آباد، غازی نگر، لارنس روڈ، بادشامی روڈ، ڈھنا چال کمپاؤنڈ، آئل اسٹریٹ گارڈن کے گلی محلوں اور دکانوں پر گئے اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں اور الطاف حسین کی جانب سے خیریت دریافت کی اور انہیں امن اور جذبہ خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس سے قبل عوام نے ڈاکٹر فاروق ستار کا زبردست خیر مقدم کیا اور گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی، اراکین صوبائی اسمبلی شعیب ابراہیم، طاہر قریشی، رنچھوڑ لائن سیکٹر اور لیاری سیکٹر کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے حکام کو موقع پر ہی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل استعمال میں لائے جائیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ عوام کی نمائندہ جماعت ہے جس کے تمام منتخب عوامی نمائندے شب و روز عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں اور سرگرم عمل رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الطاف حسین کا یہی وژن ہے کہ معاشرے میں بسنے والے غریب و متوسط طبقے کے عوام کے مسائل حل کئے جائیں تاکہ ان کی زندگی سہل ہوسکے اور وہ بھی اس ملک کے تعمیر و ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ بعد ازاں انھوں نے جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 168370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش