0
Thursday 7 Jun 2012 01:51

ترکی کے قونصل جنرل کی ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات

ترکی کے قونصل جنرل کی ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ ترکی کے قونصل جنرل Murat M.Onart نے دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، امور خارجہ کے نگراں و سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد اور راشد قریشی بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ادارہ نور حق آمد پر ترکی کے قونصل جنرل Murat M.Onart کا خیر مقدم کیا اور اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر Murat M.Onart نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور امن کے قیام کے لئے اس کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی ممالک کے عوام اسلام کے رشتہ سے منسلک ہیں اور یہ ایک ایسا رشتہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہوسکتا، جماعت اسلامی پاکستان اور پوری دنیا میں اسلام کی ترویج اور تبلیغ کا کام کررہی ہے۔ جماعت اسلامی اور اس کے رفاحی اداروں کی فلاحی سرگرمیاں قابل قدر اور لائق تحسین ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ ترکی برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان پر جب بھی کوئی کڑا وقت آیا ہے ترکی کی حکومت اور وہاں کے عوام نے پاکستان سے بے مثال یکجہتی اور بھائی چارگی کا ثبوت دیا ہے۔ اس کی واضح مثال پاکستان میں آنے والے زلزلے کے موقع پر ترکی کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے پوری دنیا میں امت مسلمہ کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے، مسلم دنیا میں ترکی کی موجودہ حکومت کا کردار اسلامی تحریکوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 168873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش