0
Saturday 9 Jun 2012 19:08

نیٹو سپلائی بندش سے امریکی عزائم کھل کر سامنے آگئے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

نیٹو سپلائی بندش سے امریکی عزائم کھل کر سامنے آگئے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے ملک میں بڑھتی ہوئی دھشت گردی کی کاروائیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے خودکش بم دھماکے، اغواء قتل، ڈاکے کھلے عام فائرنگ کے واقعات سیکورٹی اداروں کی نااہلی اور حکمرانوں کی بے بسی کا مذاق اڑا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں مدرسہ پر اور پشاور میں سرکاری ملازمین پر حملہ، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتیں، حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں جاری اغواء، ڈکیتی، اور قتل کے واقعات کسی بڑے خطرے کی گھنٹی معلوم ہوتے ہیں جو منظم منصوبہ بندی کے تحت پورے ملک میں کئے جارہے ہیں اور اس کے پیچھے امریکی کرائے کے قاتلوں کی فورس بلیک واٹر کا ہاتھ معلوم ہوتا ہے جو پاکستان میں دھشت گردی کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں اور ایوان صدر کی ناک کے نیچے قائم بلیک واٹر کا مرکز پاکستان میں دھشت گردی کی منصوبہ بندی گاہ بنا ہوا ہے لیکن افسوس ہمارے حکمراں امریکی غلامی اور ڈالروں کے بدلے ملک دشمن اقدامات کے خلاف کوئی بھی کاروائی کرنے سے قاصر ہیں۔

صاحبزادہ زبیر نے امریکی وزیر دفاع لیون پنٹیا کے بیان پاکستان کے احتجاج کے باوجود ڈرون حملے جاری رہیں گے اور بھارت کو بہترین ہتھیاروں کی ٹیکنالوجی فراہم کریں گے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا وعدہ سچاہے کہ یہود ونصاریٰ اورہنود مسلمانوں کے کبھی دوست نہیں ہو سکتے امریکہ وزیر دفاع کے اس بیان کے بعد پاکستان کے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں جو امریکی غلامی میں قومی غریت، ملی وقار اور دفاع کو داؤ پر لگائے ڈالروں کے بدلے فروخت کرنے پر تلے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بندش سے رفتہ رفتہ امریکی عزائم کھل کر سامنے آرہے ہیں کہ وہ پاکستان کا دوست ہے یا آستین کا سانپ جو ڈسنے کیلئے موقع کی تلاش میں رہتاہے ملک کے سنگین حالات کے تناظر میں اب پاکستان کے امریکی غلام حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئے اور تمام محب وطن سیاسی ومذہبی جماعتوں کو مل بیٹھ کر امریکی غلامی سے نجات کے ایجنڈے پرمشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہئے تاکہ مشکل حالات میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 169641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش