0
Saturday 9 Jun 2012 22:09

خطرات میں گھرے ہوئے پاکستان کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے، فضل کریم

خطرات میں گھرے ہوئے پاکستان کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ کرپشن کی دیمک نے پاکستان کو کھوکھلا کر دیا ہے، سیاست سمیت تمام شعبوں میں خرید و فروخت بند ہونی چاہیے، بے رحم احتساب قوم کی آواز اور وقت کی پکار ہے، پاکستان کو کرپشن کی وجہ سے سالانہ 1200 ارب جبکہ ٹیکسز کی عدم ادائیگی اور ٹیکس چوری کی وجہ سے سالانہ 1900 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، حکمرانوں کے صوابدیدی اور سیکرٹ فنڈز ختم ہونے چاہئیں۔

مرکزی دفتر لاہور میں کارکنوں کی ماہانہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ امداد پر چلنے والے ملک خودمختار نہیں ہوتے، ملکی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے خودانحصاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطرات میں گھرے ہوئے پاکستان کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 90 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے جبکہ امریکہ سے صرف 18 ارب ڈالر ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام حکمرانوں اور سیاستدانوں کے بیٹے من مانیاں کر رہے ہیں، اگر ان کا راستہ نہ روکا گیا تو یہ باقی ماندہ پاکستان کو بھی کھا جائیں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ غیرترقیاتی اخراجات کم کر کے توانائی بحران حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کے بعد پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کی بنیاد پر قائم ہوا لیکن قیام پاکستان کو نصف صدی سے زائد گزر جانے کے باوجود ملک میں نظامِ مصطفی نافذ نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور کراچی میں آگ اور خون کے کھیل کو بند کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 169712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش